شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان بھی پشاوری چپل کا دیوانہ

بالی ووڈ کنگ کی عید پر کزن نور بی بی سے اپنے اور بیٹے کیلئے پشاوری چپل کی فرمائش، پوسٹل سروس کے ذریعے بھجوا دی گئی

ہفتہ 1 جون 2019 11:52

شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان بھی پشاوری چپل کا دیوانہ
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2019ء) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی پشاوری چپل کے دیوانے نکلے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہر دلعزیز اداکار شاہ رخ خان کو اپنے آبائی شہر پشاور کی خاص ’پشاوری چپل‘ بے حد پسند ہے جو وہ اکثر پہنے نظر آتے ہیں۔ شاہ رخ خان نے پشاور میں مقیم اپنی کزن نورجہاں بی بی سے اپنے اور بیٹے آریان خان کیلئے پشاوری چپل کی فرمائش کی ہے ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ خان کی کزن نورجہاں بی بی نے بتایا کہ کچھ روز قبل شاہ رخ نے ان سے فون پر رابطہ کیا تھا اور عید کیلئے پشاوری چپل کی فرمائش کی تھی۔ اس بار انہوں نے اپنے بیٹے آریان کیلئے بھی پشاوری چپل کی فرمائش کی تھی، نور جہاں نے شاہ رخ کیلئے کالے رنگ کی جبکہ ان کے بیٹے کیلئے برائون رنگ کی چپل خریدی ہے جو کہ پوسٹل کے ذریعے انہیں بھجوادی گئی ہیں۔ نور جہاں نے بتایا کہ انہوں نے شاہ رخ کیلئے 9 نمبر اور آریان کیلئے ساڑھے 9 نمبر کی چپل بھجوائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان پشاوری چپل بہت شوق سے استعمال کرتے ہیں جبکہ انہیں کئی فلموں میں بھی پشاوری چپل پہنے دیکھا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :