مقبوضہ کشمیر، لبریشن فرنٹ کا غیر قانونی طورپر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیںجائینگی ،ایک دن ضرور اپنے مقصد میں کامیاب ہونگے،عبدالحمید بٹ

ہفتہ 1 جون 2019 12:10

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2019ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ نے مقبوضہ علاقے کی اور بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طو ر پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لبریش فرنٹ کے قائمقام چیئرمین عبدالحمید بٹ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ خو د کو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک کہلوانے والے بھارت نے کشمیر میں ہر قسم کے سیاسی اختلاف رائے پر پابندی عائد کررکھی ہے اور سیاسی نظریہ رکھنے اور اس کو پرامن و سیاسی طور پر حاصل کرنے کی جدوجہد کرنے والوں پر جیلوں اور زندان خانوں کے دروازے کھول رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک بھی آج اسی ظلم و جور کا شکار ہیں اور انہیں بھی غیر قانونی طور پر نام نہاد اور جھوٹے مقدمے میں ملوث کر کے بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے تہاڑ جیل میں قیدکررکھا ہے جہاں وہ سخت علیل ہیں اور انہیں طبی سمیت تمام حقوق سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

عبدالحمید بٹ نے کہا کہ محمد یاسین ملک کے علاوہ لبریشن فرنٹ کے نور محمد کلوال، ظہور احمد بٹ، بشیر احمد کشمیر ی پر بھی کالے قانون’ پی ایس اے‘ کا نفاذ کرکے انہیں جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے جبکہ ایک اور قائد شیخ نظیر احمد کو بھی عمر قید کی سزا سنا کر کورٹ بلوال جیل میں سڑایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینئر آزاد ی پسند رہنما مسرت عالم بٹ پر 38مرتبہ کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیاجبکہ شبیر احمد شاہ، ڈاکٹر قاسم فکتو آسیہ اندرابی ،محمد ایاز اکبر، شاہد الاسلام،الطاف احمد شاہ، معراج الدین کلوال، پیر سیف اللہ، نعیم احمد خان اور فاروق احمد ڈا ، ظہور احمد وٹالی،محمد اسلم ، جاوید احمد، شاہد یوسف شاہ ، مظفر احمد ڈار،فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین صاحبہ، ڈاکٹر شفیع شریعتی، غلام قادر بٹ، نذیر احمد شیخ، شوکت احمد خان، عبدالغنی گونی، لطیف احمد واجا، جاوید احمد خان، محمود ٹوپی والا، نثار مرزا، فیروز احمد، پرویز احمد، محمد ایوب ڈار، محمد ایوب میر،علی محمد بٹ، شیخ عمران، نوشاد علی، فاروق احمد شیخ، غلام نبی نجار، عبدالوحید ملک، غلام محمد بٹ، محمد عباس ، مظفر احمد راتھر ، برکت علی خان ،عادل سراج مسگر، دائود فیاض زرگر، جویز حسن خان ، عروج آفاق بٹ، اقبال احمد خان، ارسلان مشتاق، سیرت الحسن، شیخ خالد رسول، عمران نبی وانی، اویس منیر بٹ،دانش رحیم میر، سمیر احمد خان،دانش ایوب بڈو،مصور احمد بٹ اور بشیر احمد بٹ امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر حمید فیاض، نائب صدر جمعیة اہل حدیث مولانا مشتاق ویری اور مولانا سرجان برکاتی سمیت ہزاروں دوسرے لوگ بھی زنداں خانوں میں پڑے ہوئے ہیں۔

عبدالحمید بٹ نے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیںجائیں گی اور وہ ایک دن ضرور اپنے مقصد میں کامیاب ہونگے۔انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشیا واچ، عالمی ریڈ کراس کمیٹی، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے اپیل کی کہ وہ جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں۔