کشمیر اور فلسطین کے تنازعات حل ہونے تک دنیا میں پائیدار امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا، میر شاہد سلیم

عالمی برادری کی کشمیریوں پر بھارتی جارحیت بارے مجرمانہ خاموشی انتہائی افسوسناک ہے، اجتماع سے خطاب

ہفتہ 1 جون 2019 12:10

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2019ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموںوکشمیر پیپلز موومنٹ نے کہا ہے کہ دنیا میں اُس وقت تک امن و استحکام کا خوا ب پورا نہیں ہوسکتا جب تک کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کو انکے تاریخ پس منظر میں حل نہیں کیا جاتا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطا بق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمااور جموںوکشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے یوم کشمیر اور یوم قدس کے موقع پر تھنہ منڈی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے تنازعات نہ صرف اپنے اپنے خطوں بلکہ پوری دنیا کے امن و استحکام کیلئے ایک سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیں لہٰذا دنیا ان تنازعات سے اب مزید صرف نظر نہیں کر سکتی ۔

انہوںنے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کی دہائیوں سے ظالم و جابر طاقتوں کے ہاتھوں مصائب و مشکلات کا شکار ہیں لیکن عالمی برادری نے ان کے حوالے سے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

میر شاہد سلیم نے مسلسل دوسری مرتبہ بھارتی وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے والے نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے حوالے سے غیر حقیقت پسندانہ اور ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی ترک کرتے ہوئے اس تنازے کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کریں۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر ی اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کیلئے لڑ رہے ہیں اور تنازعہ کشمیر کو فوجی طریقے سے ہرگز حل نہیں کیا جاسکتا۔