کراچی پولیس نے مقابلوں کے معیاری طریقہ کار پر عمل شروع کر دیا

ملزم نے اندھا دھند فائرنگ بھی کی تاہم جواب میں ایس او پی کے تحت پولیس اہل کاروں نے چھوٹے ہتھیار استعمال کیے

ہفتہ 1 جون 2019 18:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2019ء) پولیس دورانِ مقابلہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے لگی، گلشن اقبال پولیس کے ہاتھوں مقابلے کے بعد مطلوب ڈکیت گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے مقابلوں کے معیاری طریقہ کار پر عمل شروع کر دیا، گلشن اقبال میں پولیس نے ایک مقابلے کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل کرتے ہوئے ایک ڈکیت کو گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

مقابلے کی فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم گلشن اقبال شاپنگ مارکیٹ سے شہری کو لوٹ کر فرار ہو رہا تھا کہ گشت پر مامور پولیس اہل کاروں کے فوری رسپانس پر ملزم بھاگ کھڑا ہوا۔ملزم نے 3 پولیس اہل کاروں پر اندھا دھند فائرنگ بھی کی تاہم جواب میں ایس او پی کے تحت پولیس اہل کاروں نے چھوٹے ہتھیار استعمال کیے اور کسی اہل کار نے مقابلے کے دوران براہ راست فائرنگ کی کوشش نہیں کی۔پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے ملزم زخمی ہو گیا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق ملزم اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور دیگر جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔