کراچی میں پولیو وائرس کی موجودگی انتہائی درجے تک بڑھنے کا انکشاف

پہلی بار شہر کے 10 سے زائد مقامات کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

اتوار 2 جون 2019 20:41

کراچی میں پولیو وائرس کی موجودگی انتہائی درجے تک بڑھنے کا انکشاف
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2019ء) کراچی میں پولیو وائرس کی موجودگی انتہائی درجے تک بڑھنے کا انکشاف ہوا ہے اور پہلی بار شہر کے 10 سے زائد مقامات کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔انسداد پولیو سیل کی جانب سے کئے گئے ماحولیاتی نمونوں کے سروے نے شہر کے 10 سے زائد مقامات کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس سامنے آنے کی تصدیق بھی کر دی ہے۔

(جاری ہے)

شہر کے جن علاقوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون سامنے آیا ہے ان میں صدر، گڈاپ، گلشن اقبال، کورنگی، لانڈھی، بلدیہ، لیاقت آباد، سائٹ ایریا، اورنگی اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ گزشتہ دو ماہ میں سب سے زیادہ گڈاپ کے مختلف مقامات سے 6،گلشن اقبال سے 4، صدر، لانڈھی اور اورنگی کے دو، دو مقامات جب کہ بلدیہ،کورنگی، لیاقت آباد اور سائٹ ایریا کے علاقے کے سیوریج کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے۔ترجمان ایمرجینسی آپریشن سیل کے مطابق شہر سے رواں سال 2 پولیو کے کیسز سامنے آچکے ہیں۔ خیال رہے کہ تمام مقامات پر وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون سامنے آیا ہے جو پاکستان میں بچوں کی زندگیوں کو متاثر کرنے کا باعث بن رہا ہے۔