جنوبی ایشیا میں گرمی کی شدید لہر کے دوران بعض مقامات پر درجہ حرارت 48 درجے سینٹی گریڈ کی ریکارڈ حد پار کر گیا، اتوار کو بھارت کے 10اور پاکستان کے 5 مقامات دنیا کے 15 گرم ترین مقامات رہے، دو دن میں گرمی کی لہر کی شدت میں کمی کا امکان

پیر 3 جون 2019 14:28

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2019ء) جنوبی ایشیا میں گرمی کی شدید لہر کے دوران بعض مقامات پر درجہ حرارت 48 درجے سینٹی گریڈ کی ریکارڈ حد پار کر گیا۔ ایلڈوریڈو ویدر ویب سائٹ کے مطابق اتوار کو دنیا کے 15 گرم ترین مقامات میں سے دس بھارت اور پانچ پاکستان میں تھے۔رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست راجھستان کے دو مقامات چورو اور سری گنگا نگر میں درجہ حرارت 48.9 اور48.6 ڈگری تک پہنچ گیا۔

پاکستان میں صوبہ سندھ کے ضلع جیکب آباد میں درجہ حرارت 48 ڈگری رہا۔اتر پردیش کے علاقے بانڈہ میں درجہ حرارت 47.4 اور ریاست ہریانہ کے علاقے نر نوال میں 47.2 ریکارڈ کیا گیا ۔ بھارت میں اگرتلہ اور تریپورہ میں شدید بارش بھی ہوئی۔ متعدد بھارتی شہروں بشمول نئی دہلی، جے پور، کوٹا، حیدرآباد اور لکھنئو میں درجہ حرارت 45 ڈگری سے اوپر رہا حتی کے ہمالیائی سلسلہ کوہ کے قریبی علاقوں میں بھی درجہ حرارت معمول سے تین سے چار ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

بھارت کے کئی پہاڑی علاقوں میں بھی درجہ حرارت 38 درجے کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں میں مقبوضہ کشمیر اور بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں متوقع بارش کے باعث خطے میں گرمی کی شدت میں کمی آ سکتی ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق حالیہ عرصہ کے دوران گرمی کی لہر کے دورانئے اور شدت دونوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔