پی ٹی اے نے علی بابا اور بلومبرگ سمیت معروف ویب سائٹس بلاک کر دیں

مذکورہ ویب سائٹس پر مبینہ طور پر غیر اخلاقی مواد موجود تھا جس کی وجہ سے یہ اقدام کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 3 جون 2019 16:51

پی ٹی اے نے علی بابا اور بلومبرگ سمیت معروف ویب سائٹس بلاک کر دیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 جون 2019ء) : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر اخلاقی مواد رکھنے پر کئی مشہور ویب سائٹس کو بلاک کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک ہفتہ قبل ہی پی ٹی اے نے آئی ایس پیز کو مخصوص ویب سائٹس بلاک کرنے کی ہدایت کی تھی۔ لیکن تاحال اپنے اس اقدام کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کوئی موزوں جواز نہیں دے سکی۔

جب پی ٹی اے حکام سے اس حوالے سے دریافت کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ ویب سائٹس پر غیر اخلاقی مواد موجود تھا جس کی وجہ سے یہ اقدام کیا گیا۔ بلاک کی جانے والی ویب سائٹس میں معروف شاپنگ ویب سائٹ علی بابا ڈاٹ کام، نیوز ویب سائٹ بلومبرگ ڈاٹ کام اور انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ بز فیڈ ڈاٹ کام شامل ہیں۔ جاز، زونگ ، یوفون اور ٹیلی نار صارفین کو ان ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرنے میں مشکل پیش آ رہی تھی۔

(جاری ہے)

اور حیرانگی کی بات تو یہ کہ ٹیلی کام انڈسٹری کے کئی افراد اس پابندی کے حوالے سے لاعلم تھے اور انہوں نے مذکورہ ویب سائٹس کو بلاک کیے جانے کے معاملے پر حیرانی کا اظہار کیا۔ جبکہ موبائل اور انٹرنیٹ صارفین نے بھی غیر اعلانیہ طور پر ان ویب سائٹس پر پابندی عائد کیے جانے کے معاملے پر تنقید کی ہے۔ دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کسی قسم کی ویب سائٹس کو بلاک کرنے کی واضح تردید کی ہے لیکن پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تکنیکی ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ یہ ویب سائٹس بلاک کرنے کے لیے انہیں انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ طور پر احکامات جاری کیے گئے تھے جس کے بعد ہی ان ویب سائٹس کو بلاک کیا گیا۔

پی ٹی سی ایل کی تکنیکی ٹیم کے ایک رکن نے کہا کہ یہ احکامات وزارت داخلہ کی جانب سے آتے ہیں جو کسی سائٹ پر غیر اخلاقی اور نامناسب مواد کی نشاندہی کرنے کے بعد پی ٹی اے کو مذکورہ ویب سائٹس کو بلاک کرنے کی ہدایت کرتی ہے۔