11سال کی بندش کے بعد برٹش ائیرویز نے پاکستان کیلئے اپنافلائٹ آ پریشن باقاعدہ بحال کر دیا، پہلی پرواز240 اسلام آباد پہنچ گئی

برٹش ایئر ویز کا لندن اسلام آباد روٹ برطانیہ میں رہنے والے پاکستانیوں کے لئے براہ راست کنکشن اور آسانی پیدا کرے گا‘دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون اور دوستی کا رشتہ ہے،پاکستان اور برطانیہ کے مابین ایوی ایشن سیکٹر کا رشتہ کافی تاریخی ہے، وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کی گفتگو

پیر 3 جون 2019 17:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2019ء) دہشت گردی اور سکیورٹی خدشات کے باعث 11سال کی بندش کے بعد برٹش ائیرویز نے پاکستان کیلئے اپنافلائٹ آ پریشن باقاعدہ بحال کر دیا ، برٹش ائیر ویز کی پہلی پرواز240 اسلام آباد پہنچ گئی ۔برٹش ایئرویز کی پہلی پرواز صبح 9 بجکر 10 منٹ پر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری جہاں پر وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان،وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل عبدالرزاق دائود، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیزو چیئرمین پی ٹی ڈی سی ذوالفقارعلی بخاری ، برطانیہ کے ہائی کمشنر ٹامس ڈریو، برٹش ائیرویز کے چیف کمرشل آفیسر اینڈریو بریم اور سیکرٹری ہوابازی/ ڈائریکٹر جزل سول ایوی ایشن شارخ نصرت سمیت اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہاکہ برٹش ایئر ویز کا لندن اسلام آباد روٹ برطانیہ میں رہنے والے پاکستانیوں کے لئے براہ راست کنکشن اور آسانی پیدا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون اور دوستی کا رشتہ ہے،پاکستان اور برطانیہ کے مابین ایوی ایشن سیکٹر کا رشتہ کافی تاریخی ہے،سکیورٹی کی وجہ سے 2008 میں برٹش ائیرویز نے پاکستان میں اپنا فضائی آپریشن بند کر دیا تھا۔

وفاقی وزیرغلام سرور خان نے کہا کہ یہ بتاتے ہوئے مجھے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ برٹش ایئرویز نے پاکستان کی سیکیورٹی پر اعتماد کرتے ہوئے دوبارہ سے آپریشن شروع کر دیا ہے،مجھے امید ہے کہ یہ تاریخی موقع پاکستان میں ہوائی آمدورفت کے لیے بہت اہم ثابت ہوگا،اس سلسلے میں اے ایس ایف نے بھی سکیورٹی کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا ہے،اس فضائی آپریشن کے شروع ہونے سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کا رشتہ ہے،ہم اسلام آباد کو نہ صرف پاکستان کا بلکہ خطے کا مرکز بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ بین الاقوامی ہوائی کمپنیاں اسلام آباد سے اپنا فضائی آپریشن شروع کرنا چاہیں گی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ائیرپورٹ ہے جو سالانہ تقریباً90 لاکھ مسافروں کی گنجائش کا حامل ہے ۔غلام سرور خان نے کہا کہ ایوی ایشن پالیسی 2019 وزیراعظم کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے سیاحت کے فروغ کے لیے بھی اہم ہے، حکومت ایوی ایشن سیکٹر کو بہت اہمیت دیتی ہے کیونکہ ایوی ایشن سیکٹر معاشی ترقی کے لیے اہم ہے اس کے علاوہ یہ ناصر ف علاقائی بلکہ بین الاقوامی ہم آہنگی کے لئے ایک آلہ کار کے طور پر بھی استعمال ہو سکتی ہے،یہ سیاحت کے فروغ، کارگو کے کاروبار اور ثقافتی تبادلے کے لئے اہم کردار ادا کرے گا۔

انہو ں نے کہا کہ ایوی ایشن ڈویژن مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کی پابند ہے،اس کو بنیاد بنا کر ایوی ایشن سیکٹر معاشی فوائد حاصل کر سکتا ہے۔