جماعت اسلامی کے رہنماء ڈاکٹروسیم اخترانتقال کرگئے

ڈاکٹروسیم اختر2013 میں رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے، ڈاکٹروسیم اخترکا تعلق بہاولپور سے تھا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 3 جون 2019 19:46

جماعت اسلامی کے رہنماء ڈاکٹروسیم اخترانتقال کرگئے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 جون 2019ء) جماعت اسلامی کے رہنماء ڈاکٹروسیم اخترانتقال کرگئے، ڈاکٹروسیم اختر2013 میں رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ ڈاکٹروسیم اخترکا تعلق بہاولپور سے تھا۔ جماعت اسلامی کے جاری کردہ بیان کے مطابق امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب و سابق صوبائی پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر بہاولپور میں انتقال کرگئے ہیں۔

وہ گزشتہ3 ماہ سے سخت علیل تھے۔ گزشتہ دنوں طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیاجہاں وہ آج دار فانی سے کوچ کرگئے۔مرحوم کی نماز جنازہ 04/جون بروز منگل 8بجے صبح مرکزی عید گاہ بہاولپور میں ادا کی جائے گی۔نماز جنازہ میں جماعت اسلامی پاکستان کے قائمقام امیر لیاقت بلوچ، سیکر ٹری جنرل امیر العظیم، صوبائی امیر راؤ محمد ظفر سمیت قائدین وکارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ، سابق امیر سید منور حسن،قائم مقام امیر لیاقت بلوچ، سیکر ٹری جنرل امیر العظیم، مرکزی نائب امراء اسد اللہ بھٹو،پروفیسرمحمد ابراہیم،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،راشد نسیم،میاں محمد اسلم،عبدالغفار عزیز اور نائب قیمین اظہر اقبال حسن،حافظ ساجد انور،وقاص انجم جعفری،محمد اصغر ،سید بختیار مانی ، خالد رحمان اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین نے ڈاکٹر سید وسیم اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی غلبہ دین کیلئے خد مات کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا۔

مرحوم نے اپنی تمام زندگی اقامت دین کی سرگرمیوں اور عوام کی خدمت میں بسر کی وہ آخری لمحے تک دین کے غلبے کی جدوجہد میں مصروف عمل رہے۔ زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ ہوئے اور قائد اعظم میڈیکل کالج کی طلبہ یونین کے صدر بھی منتخب ہوئے اورجماعت اسلامی بہاولپور شہر کے امیر اور بعد ازاں امیر ضلع بہاولپور بھی رہے ۔ جماعت اسلامی پنجاب کے 6سال امیر رہے ۔

پہلی دفعہ آئی جے آئی کے ٹکٹ پر 1990ء میں بہاولپور سے الیکشن میں حصہ لیا اور پنجاب اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے بعد ازاں2002ء اور2013ء کے الیکشن میں حصہ لیا اور صوبائی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے جبکہ پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر بھی رہے۔ مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ،ایک بیٹا ڈاکٹر عمر عبدالرحمن سمیت5بیٹیاں سوگواران میں چھوڑی ہیں