Live Updates

پاکستان مکہ میں کشمیر کا مقدمہ ہار گیا،حامد میر

مکہ اعلامیے میں فلسطین کا ذکر موجود تھا لیکن کشمیر کا ذکر نہیں کیا گیا، اوآئی سی میں بھارتی صحافیوں کی بڑی تعداد میں موجودگی بھی بڑا سوالیہ نشان ہے؟ سینئیر صحافی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 3 جون 2019 21:13

پاکستان مکہ میں کشمیر کا مقدمہ ہار گیا،حامد میر
اسلام آباد(اردوپائنٹ اخبارتازہ ترین۔3جون2019) حامد میر نے کہا ہے کہ او آئی سی کے 14ویں اجلاس میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی تقریر ختم ہوئی تو بنگلہ دیشی صحافی ان کے پاس آیا اور کہا کہ عمران خان نے آج ترکی کے صدر طیب اردوان کی کمی پوری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اکثر عرب صحافیوں کووزیراعظم عمران خان کی زبان سے گولان کا ذکر سن کر خوشی ہوئی کیونکہ اب کئی عرب حکمران گولان کا ذکر نہیں کرتے ،کیونکہ وہ ڈرتے ہیں کہ کہیں امریکہ ناراض نہ ہو جائے۔

واضح رہے کہ 1967کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران اسرائیل نے گولان کی پہاڑیوں پرقبضہ کر لیا تھااور اب اسرائیل اور امریکہ ان پہاڑیوں سے تیل و گیس نکال رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب کے دوران گولان سے اسرائیل کے انخلاء کا مطالبہ کیا اور فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کا ذکر بھی کیا۔

حامد میر کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بہت سے سربراہان نے تقاریر کیں تھیں اور کانفرنس میں موجود 50 سے زائد اسلامی ممالک کے صحافیوں کی اکثریت کا خیال یہی تھا کہ سب سے بہترین تقریر عمران خان کی تھی جس میں توہین رسالت سے لے کر اسلامو فوبیا اور فلسطین و کشمیر سمیت کئی اہم موضوعات پر بات کی گئی تھی۔ حامد میر نے کہا کہ جب اجلاس کا اعلامیہ سامنے آیا توانہیں اچھا لگا کیونکہ اس میں فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کا عزم ظاہر کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اس اعلامیے میں کشمیر کی تلاش تھی۔لیکن جب وہ بار بار اسے پڑھ رہے تھے تو ایک بھارتی مبصر ذکر الرحمان نے مسکراتے ہوئے انہیں کہا کہ اس اعلامیے میں کشمیر کا ذکر نہیں ہے۔ حامد میر نے کہا ہے کہ بھارت او آئی سی کا رکن نہیں ہے لیکن اس کانفرنس میں سعودی حکومت نے کئی بھارتی صحافیوں کو بھی مدعو کر رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی پریس کانفرنس میں انہوں نے صومالیہ، روہنگیا اور سری لنکا کے مسلمانوں کا ذکر کیا لیکن کشمیر کا ذکر انہوں نے بھی نہیں کیا۔ حامد میر نے کہا ہے کہ پاکستان مکہ میں کشمیر کا مقدمہ ہار گیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات