شاہد آفریدی کی جانب سے محمد عامر کو تھپڑ مارے جانے کا انکشاف

2010 کے دورہ انگلینڈ کے دوران آفریدی نے اسپاٹ فکسنگ کے معاملے پر معلومات حاصل کرنے کیلئے عامر کو تھپڑ تک مار دیا تھا: عبد الرزاق کا انکشاف

muhammad ali محمد علی پیر 3 جون 2019 23:03

شاہد آفریدی کی جانب سے محمد عامر کو تھپڑ مارے جانے کا انکشاف
لاہور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 3جون2019ء) شاہد آفریدی کی جانب سے محمد عامر کو تھپڑ مارے جانے کا انکشاف، عبد الرزاق کا دعویٰ ہے کہ 2010 کے دورہ انگلینڈ کے دوران آفریدی نے اسپاٹ فکسنگ کے معاملے پر معلومات حاصل کرنے کیلئے عامر کو تھپڑ تک مار دیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق مایہ ناز آل راونڈر عبدالرزاق کی جانب سے تہلکہ خیز انکشاف کیا گیا ہے۔

عبدالرزاق کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے فاسٹ باولر محمد عامر کو تھپڑ رسید کر دیا تھا۔ عبدالرزاق کا دعویٰ ہے کہ شاہد آفریدی کی جانب سے محمد عامر کو تھپڑ رسید کیے جانے کا واقعہ 2010 کے دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آیا تھا۔ عبد الرزاق مزید بتاتے ہیں کہ جب شاہد آفریدی کو اسپاٹ فکسنگ معاملے سے متعلق معلومات حاصل ہوئی تھیں، تو تب انہوں نے محمد عامر کو اپنے روم میں بلایا تھا۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی نے محمد عامر کو کمرے میں بلا کر سب کچھ سچ سچ بتانے کو کہا تھا۔ تاہم اس موقع پر محمد عامر کی جانب سے کچھ نہ بتانے پر شاہد آفریدی نے انہیں تھپڑ رسید کر دیا تھا۔ تھپڑ کھانے کے بعد محمد عامر نے شاہد آفریدی کو سب سچ سچ بتا دیا تھا۔ بعد ازاں شاہد آفریدی نے محمد عامر سے حاصل کر دہ تفصیلات پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی فراہم کردی تھیں۔

تاہم اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ نے خود کوئی کاروائی کرنے کی بجائے آئی سی سی کو سب کچھ بتا کر اپنا مذاق بنوایا۔