ملتان ، عید کاسب سے بڑا اجتماع خانیوال روڈ پر شاہی عیدگاہ میں منعقد ہوگا

منگل 4 جون 2019 16:12

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2019ء) ملک بھر کی طرح ملتان اور جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں بدھ کے روز عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔ مختلف عیدگاہوں ،جامع مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوںگے۔ملتان ریجن میں نماز عید کے 2136 اور ضلع ملتان میں 944 اجتماعات منعقد ہوں گے جہاں بالترتیب 4661اور 2231پولیس افسران واہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

ملتان میں عید کاسب سے بڑا اجتماع خانیوال روڈ پر شاہی عیدگاہ میں منعقد ہوگا۔ اس کے علاوہ دربارحضرت بہاء الدین زکریا، دربارموسی پاک شہید، شاہی عیدگاہ کینٹ ،جامع خیرالمدارس،جامع خیرالعلوم، ابدالی مسجد، دارالحدیث محمدیہ، امام بارگاہ حیدریہ سمیت چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوںگے۔وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دربار حضرت بہاء الدین زکریا ، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی دربارموسی پاک شہید، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء جاوید ہاشمی اور سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی شاہی عیدگاہ میں نماز عید ادا کریں گے۔