Live Updates

صنعتی ترقی کے لئے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی جیسے منصوبے ناگزیر ہیں، عبدالرزاق داد

فیڈمک جیسے منصوبوں کا معاشی سرگرمیوں کے فروغ، غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے علاوہ تجارتی خسارہ پر قابو اور برآمد کے حجم میں اضافہ میں اہم کردار ہے، مشیر برائے تجارت کی فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق سے گفتگو

منگل 4 جون 2019 20:39

صنعتی ترقی کے لئے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی جیسے منصوبے ناگزیر ہیں، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2019ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داد نے کہا ہے کہ ملک میں صنعتی ترقی کے لئے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی جیسے منصوبے ناگزیر ہیں اور فیصل آباد صنعتی اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) جیسے منصوبوں کا معاشی سرگرمیوں کے فروغ، غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے علاوہ تجارتی خسارہ پر قابو اور برآمد کے حجم میں اضافہ میں اہم کردار ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں منعقدہ اجلاس کے دوران فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عامر سلیم بھی موجود تھے۔ عبدالرزاق داد نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود پروڈکشن لائن بڑھنے سے ملکی برآمدات میں 7 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

برآمدات میں مسلسل اضافے اور درآمدات میں 4 بلین ڈالر کی کمی سے تجارتی حجم میں خلیج کم ہو رہی ہے اور مجموعی اکانٹ خسارہ بھی بہتر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی صورت حال اتنی خراب نہیں جتنی بعض حلقوں کی جانب سے پیش کی جا رہی ہے، تاہم اقتصادی صورتحال زیادہ تیزی سے بہتر ہونی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال میں گارمنٹس کی برآمدات میں 29 فی صد، سیمنٹ 25 فیصد، باسمتی چاول 21 فیصد اور فٹ ویئر کی برآمدات میں 26 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ عبدالرازق داد نے کہا کہ حکومت برآمدی شعبے کو بجلی اور گیس پر سبسڈی فراہم کر رہی ہے جو آئندہ سال بھی جاری رہے گی۔

فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کی خصوصیات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ 400 صنعتوں کے علاوہ اڑھائی لاکھ افراد کو روزگار فراہم کرے گا اور اس میں تقریبا 400 ارب روپے کی غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری ہوگی اور یہاں ترقیاتی کام تیز رفتاری سے جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیڈمک اپنے کسٹمرز کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے حل کیلئے ہمہ تن مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم 3 منصوبے کی تکمیل کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انتہائی مختصر مدت میں ملک کا امیج تبدیل کر دیا ہے۔ملک کو 20 سال تک عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث بہت بڑے اقتصادی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب یہ عمران خان کی قیادت میں ترقی پسند ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔

انہوں نے قومی معیشت کی بحالی کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے پر عبدالرزاق داد کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقتصادی اشاریے بہتر ہورہے ہیں اور حکومت جلد ہی معاشرے کے غریب طبقات کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیڈمک بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنیاور دو سال کے اندر اندر کاروباری آسانیوں کے انڈیکس میں 100 سے کم درجہ بندی کے حصول کیلئے پر عزم ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات