ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئی

بدھ 5 جون 2019 18:30

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2019ء) ملک بھر کی طرح ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئی۔مختلف عیدگاہوں ،جامع مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔ملتان ریجن میں نماز عید کے 2136اور ضلع ملتان میں 944اجتماعات منعقد ہوئے جہاں بالترتیب 4661اور 2231پولیس افسران واہلکاروں نے ڈیوٹی سرانجام دی۔

ملتان میں عید کاسب سے بڑا اجتماع خانیوال روڈ پر شاہی عیدگاہ میں منعقد ہوا۔ اس کے علاوہ دربارحضرت بہاء الدین زکریا، دربارموسی پاک شہید، شاہی عیدگاہ کینٹ ،جامع خیرالمدارس،جامع خیرالعلوم، ابدالی مسجد، دارالحدیث محمدیہ، امام بارگاہ حیدریہ سمیت چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دربار حضرت بہاء الدین زکریا ، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی دربارموسی پاک شہید، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء جاوید ہاشمی اور سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی نے شاہی عیدگاہ میں نماز عید ادا کی۔

اس موقع پرعلماء کرام نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں ملک وقوم کی سلامتی اورخوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔نماز عید کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ نمازیوں کو عید گاہوں میں جامہ تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔