ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی عید الفطر جوش و جذبے سے منائی گئی

شہر کی مساجد وامام بارگاہوں سمیت عید گاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے روح پر ور اجتماعات منعقد ہوئے پاکستان کی ترقی و خوشحالی ،سلامتی واستحکام،امت مسلمہ کی سر بلندی، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں

جمعہ 7 جون 2019 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2019ء) ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی عید الفطر جوش و جذبے سے منائی گئی۔بدھ کو شہر کی مساجد وامام بارگاہوں سمیت عید گاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے روح پر ور اجتماعات منعقد ہوئے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی ۔علماء کرام نے نماز عید کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی ،سلامتی واستحکام،امت مسلمہ کی سر بلندی، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔

عید کے مرکزی اجتماعات کے لیے شہر میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔عید الفطر کا آغاز شہریوں نے نماز عید کی ادائیگی اور غریبوں و مستحقین میں فطرے کی رقم کی ادائیگی سے کیا،عید الفطر کا اہم اور مرکزی اجتماع پولو گراونڈ میں منعقد ہوا جہاں گورنر سندھ عمران اسماعیل، میئر کراچی وسیم اختر ، ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی، عامر خان، دیگر جماعتوں کے قائدین اور غیر ملکی سفارتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولو گراو نڈ میں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ، اس کے علاوہ نماز عید کے بڑے اور قابل ذکر اجتماعات ناظم آباد عید گاہ گراونڈ،نیشنل اسٹیڈیم،نشتر پارک، آرام باغ ، فیضان مدینہ، نیو میمن مسجد، دار العلوم کراچی ،ریلوے سٹی گراونڈ، عید گاہ مسجدجامع کلاتھ مارکیٹ و دیگر مقامات پر منعقد ہوئے۔ان اجتماعات میں علمانے پاکستان کی سلامتی و استحکام ، امن ، مسلم امہ کی سر بلندی،دہشت گردی کے خاتمے،پاک فوج کی کامیابی، امن و امان کی بحالی اور قدرتی آفات سے نجات کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ، عید کے مرکزی اجتماعات کے لیے خصوصی سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔شہر کی مرکزی مساجد اور عید گاہ کے باہر رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعینات کی گئی تھی۔