تبدیلی وخوشحالی کے سارے دعوے جھوٹے ثابت ہوگئے ہیں ، ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی

ملک وقوم عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروے،مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، روٹی کپڑا اور مکان کے دعوے داروں نے بھی عوام سے روٹی کا نوالا چھین لیا ہے حقیقی تبدیلی اورخوشحالی سمیت عوام کے تمام ترمسائل کا حل صرف قرآن وسنت کے نفاذ میں مضمر ہے،مرکزی نائب امیرجماعت اسلامی جماعت اسلامی بدین کے تحت مقامی ہال میں منعقدہ عیدملن پارٹی سے خطاب

ہفتہ 8 جون 2019 23:04

بدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2019ء) تبدیلی وخوشحالی کے سارے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے،ملک وقوم عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروے،مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، روٹی کپڑا اور مکان کے دعوے داروں نے بھی عوام سے روٹی کا نوالا چھین لیا ہے حقیقی تبدیلی اورخوشحالی سمیت عوام کے تمام ترمسائل کا حل صرف قرآن وسنت کے نفاذ میں مضمر ہے،ان خیالات کا اظہارمرکزی نائب امیرجماعت اسلامی ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے جماعت اسلامی بدین کے تحت مقامی ہال میں منعقدہ عیدملن پارٹی سے خطاب کے دوران کیا۔

جس میں جماعت اسلامی اوران کی برادرتنظیمات کے کارکنان کے علاوہ مختلف سیاسی سماجی تنظیموں کے رہنما اورمعززین بڑی تعداد میں شریک تھے۔اس موقع پر صوبائی امیرمحمد حسین محنتی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالقدوس،ضلع بدین کے امیر مولانا غلام رسول احمدانی ،اللہ بچایو ہالیپوٹہ،سید دائود شاہ ، و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرمعراج الہدی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی محض چہروں کو نہیں بلکہ پورے نظام کو تبدیل کرنے کی جدوجہد کررہی ہے کیونکہ فرسودہ نظام اورکرپٹ قیادت نے مہنگائی بیروزگاری،محرومیوں اورکرپشن کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ہے۔

جماعت اسلامی ہی ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے ہم ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں غریب طبقہ اور محنت کش خوشحال ہوں یہ سب کچھ اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان میں ہی مضمر ہے،انہوں نے کہا کہ ٹنڈومحمد خان میںدرندہ صفت وحشیوں کا تیرہ سالہ معصوم بچی جمنا کے ساتھ اجتماعی زیاتی کا واقعہ قابل مذمت اورملزمان کو کیفرکردارتک پہنچانا پیپلزپارٹی کی حکومت کے لیے چیلیج ہے۔

شراب کی بھٹیاں کھلی ہوئی ہیں یہ غیر قانونی کام ہے جنکی وجہ سے نوجوان نسل تباہ و برباد کی جارہی ہے چھوٹے بچوں کو بھی شراب پینے اور شراب بیچنے کا عادی بنادیا گیا ہے اب تو بیٹیاں بھی غیر محفوظ ہوتی جا رہی ہیں، گزشتہ روزٹنڈومحمدخان میںمعصوم جمنا بچی کو اغواہ کرکے اس کو شراب پلاکر اس سے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے لاڑ کے حصے کا پانی روک کر عوام کو بے حال کردیا ہے،کرپشن اورپانی کی غیرمنصفانہ تقسیم کی وجہ سے بدین سمیت سندھ کی زراعت اور کاروبار کو مفلوج بنادیا گیا، باقی کسر بجلی کے بحران نے کردی ہے لگتا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کی کوئی پرواہ ہی نہیں ہے، نوجوانوں کے لیے کوئی زریعہ معاش موجود نہیں ہے، صوبہ سندھ کو بدامنی کا شکار بنایا جارہا ہے سندھ کی حالت بدتر ہوچکی ہے حکومت اپنے کالے کرتوتوں اور کرپشن کوچھپانے پر مجبور ہے، جنہوں نے سندھ کو لوٹااور سندھ کو چوروں اور لٹیروں اور بھتہ خوروں کے حوالے کردیا گیا اور سندھ کے تعلیمی ادرے تباہ کردیئے، سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی قلت اور ڈاکٹر کی کمی ہے، تعلیمی اداروں کی عمارتیں زبوں حالی کا شکار ہیں یہ سب کچھ ان کی نااہلی وکرپشن اوراقرباپروری کا نتیجہ ہے جس کا خمیازہ سندھ کے عوام آج تک بھگت رہے ہیں،عوام کو اپنی اوراپنے صوبہ کی حالت بدلنی ہے تو انہیں اہل ودیاندتدا قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا۔

جماعت اسلامی سند ھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ سندھ باب الاسلام ہے،پاکستان کے قیام میں بھی سندھ کا کردار ناقابل فراموش ہے۔قیام پاکستان کا مقصد ظلم کے نظام کا خاتمہ اوراسلام کا عدل انصاف اورمساوات کا نظام قائم کرنا تھا مگرآج ملک میں ظلم وناانصافیوں کا دور دورہ ہے،قیام پاکستان سے لیکرابتک جتنے بھی حکمران آئے انہوں نے قیام پاکستان کے مقاصد کو فراموش کردیا۔جماعت اسلامی ملک میں عدل کے نظام کے لیے کوشاں ہے تاکہ دنیا وآخرت میں کامیابی مل سکے۔اصلاح معاشرہ اورشریعت کے نفاذ کے لیے عوام جماعت اسلامی کے ساتھ دے۔#