شہباز شریف برطانیہ میں دوماہ قیام کرنے کے بعد واپس پاکستان پہنچ گئے،رہنمائوں اور کارکنوں نے ائیر پورٹ پر استقبال کیا

کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، حق میں نعرے لگائے ،کچھ کارکنان سکیورٹی حصار توڑ کر آرائیول لائونچ تک پہنچ گئے پارٹی صدر کی واپسی کی خوشی میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں،شہباز شریف نے ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا ،پارٹی رہنمائوں سے مصافحہ کیا قافلے کی صورت میں ائیر پورٹ سے اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹائون پہنچی/پارٹی کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس (آج )اسلام آباد میں منعقد ہوگا

اتوار 9 جون 2019 12:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف برطانیہ میں دوماہ قیام کرنے کے بعد واپس پاکستان پہنچ گئے،شہباز شریف پی آئی اے کی پروزز پی کے 758 کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں پارٹی رہنمائوںاور کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، کارکنوں کی جانب سے شہباز شریف پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور قیادت کے حق میں نعرے لگائے گئے ، سخت سکیورٹی کے باوجود کچھ کارکنان حصار توڑ کر ائیر پورٹ کے آرائیول لائونچ تک پہنچ گئے ۔

پارٹی کے سیکرٹری احسن اقبال، امیر مقام، پرویز ملک ، خواجہ عمران نذیر ،میاں مرغوب ، مجتبیٰ شجاع الرحمان ، بلال یاسین ، عظمی بخاری ، راحیلہ خادم، شائستہ پرویز ، علی پرویز ،میاں عثمان ، وحید عالم خان، چوہدری شہباز ، غزالہ سلیم بٹ، ملک سیف الملوک، عطااللہ تارڑ ،عائشہ غوث پاشا سمیت دیگر رہنما کارکنوں کے ہمراہ پارٹی صدر محمد شہباز شریف کے استقبال کیلئے لاہور ائیر پورٹ پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لیگی کارکنان وقفے وقفے سے اپنی قیادت کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے ۔ شہباز شریف کی وطن واپسی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد میں متوقع آمد کے پیش نظر ائیر پورٹ پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے تاہم اس کے باوجود کچھ کارکنان ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کا حصار توڑ کر اور دھکم پیل کرتے ہوئے ایئرپورٹ کے آرائیول لائوئج تک پہنچ گئے، اس دوران کارکنان اور ائیر پورٹ سکیورٹی کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوتی رہی ۔

شہباز شریف کے استقبال کے لئے آنے والے لیگی کارکنوں سے نمٹنے کیلئے واٹر کینن بھی منگوائی گئی تھی جبکہ اینٹی رائٹ فورس کے دستے بھی تعینات کئے گئے تھے۔شہباز شریف کے ائیر پورٹ سے باہر آتے ہی کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اورحق میں نعرے لگا کر ان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ پارٹی صدر کی وطن واپسی کی خوشی میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔

شہباز شریف کی جانب سے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا گیا ۔ شہباز شریف نے پارٹی رہنمائوں سے مصافحہ کیا اور اس کے بعد قافلے کی صورت میں ائیر پورٹ سے اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹائون پہنچے ۔یاد رہے کہ شہباز شریف 10 اپریل کو طبی معائنے کے لیے برطانیہ گئے تھے۔شہباز شریف 13 جون کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گے جہاں ان کے خلاف رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال سکینڈلزکے مقدمات زیر التوا ہیں۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج(پیر) کے روز دوپہر اڑھائی بجے پارلیمنٹ ہائوس میں اپوزیشن چیمبر میں منعقد ہوگا۔ جبکہ پارٹی کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کااجلاس 12 جون کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ۔آج ہونے والے اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال ، حکومتی پالیسیوں ،مہنگائی سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال اور آئندہ کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔