ڈیرہ اسماعیل خان، انسپکٹر جنرل فرنٹیر کور(سائوتھ) کا جنوبی وزیرستان تحصیل سراروغہ کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقہ بوبڑ غر کا دورہ

اتوار 9 جون 2019 15:50

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2019ء) انسپکٹر جنرل فرنٹیر کور(سائوتھ) میجرجنرل اظہر اقبال عباسی نے جنوبی وزیرستان تحصیل سراروغہ کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقہ بوبڑ غر کا دورہ کیا،28 بریگیڈ کمانڈر بریگیڈئیر امجدعزیز مغل اور علاقائی مشران نے آئی جی ایف سی کا استقبال کیا ۔دورہ کے موقع پر آئی جی ایف سی نے بوبڑ غر اور ملحقہ علاقے کے عمائدین، مشران اور نوجوانوں سے ملاقات کی اور عید کی مبارکباد دی۔

آئی جی ایف سی نے قبائلی عمائدین اور نوجوانوں پر مشتمل جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج جنوبی وزیرستان میں امن برقرار رکھنے کے لیے تمام کوششیں بروئے کارلائی جارہی ہیں۔محسود قبائل نے ملک کی خاطر بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور افواج پاکستان ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں عوام کے تعاون سے امن برقرار ہے اور امن بحالی کے بعد اب علاقے میں ترقیاتی کاموں پر کام تیز کردیا گیا ہے تاکہ علاقہ مکینوں کو بنیادی ضروریات زندگی ان کی دہلیز پر مل سکیں۔

آئی جی ایف سی نے عمائدین کو یقین دہانی کروائی کہ ترقیاتی منصوبوں میں تمام درپیش مشکلات کے با وجود منصوبوں پر کام جاری ہے۔ جرگہ میں علاقہ کے عمائدین اور نوجوانوں نے آئی جی ایف سی کو علاقے میں درپیش صحت،تعلیم اور پانی کے مسائل سے آگاہ کیا اور سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور علاقے میں محکمہ صحت کے مراکز کو فعال اور عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا اور کینسر مرض میں مبتلا بچے کے لیے مالی امداد کا مطالبہ بھی کیا جس پر آئی جی ایف سی سائوتھ میجرجنرل اظہراقبال عباسی نے موقع پر کینسر مرض میں مبتلا بچے کے لیے ماہانہ25ہزار روپے امداد کا اعلان کیا ۔