شہباز شریف کی جاتی امراء میں والدہ سے ملاقات ، مریم نواز بھی موجود تھیں

مریم نواز نے نواز شریف کی صحت بارے بتایا ،شہباز شریف نے والد، بھائی اور بھابھی کی قبروں پر فاتحہ خوانی بھی کی امیر مقام کی جاتی امراء میں شہباز شریف اور مریم نواز سے ملاقات،پارٹی امور پر تبادلہ خیال ، بیٹے کی گرفتاری بارے بتایا

اتوار 9 جون 2019 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے لندن سے وطن واپسی پر جاتی امراء رائے ونڈ جا کر اپنی والدہ بیگم شمیم اختر سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر مریم نواز اور دیگر اہل خانہ بھی موجود تھے ۔ مریم نواز نے اپنے چچا کو کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف کی صحت کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی کی صحت کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے اپنے والد میاں محمد شریف ، بھائی عباس شریف اور بھابھی کلثوم نواز کی قبروں پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔ علاوہ ازیں پارٹی رہنما امیر مقام نے بھی جاتی امراء میں مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کر کے پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پارٹی قیادت کو اپنے بیٹے کی گرفتاری کے حوالے سے آگاہ کیا ۔