مری اور زرکون قبائل کے ذیلی شاخوں کے درمیان قائم دیرینہ رنجش کا تصفیہ، دونوں قبائل کے افراد آپس میں شیر و شکر

اتوار 9 جون 2019 23:30

کو ئٹہ۔09جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2019ء) مری اور زرکون قبائل کے ذیلی شاخوں کے درمیان قائم دیرینہ رنجش کا تصفیہ صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری اور ملک اعظم زرکون کی موجودگی میں ہوا‘ دونوں قبائل کے افراد آپس میں شیر و شکر ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی شام صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ کی سربراہی میں قبائلی عمائدین کے سینکڑوں افراد میڑھ( جرگہ ) لیکر قبائلی رہنما ملک اعظم زرکون کے رہائش گاہ پہنچے ، جہاں پر سینکڑوں سرکردہ قبائلی رہنماؤں کی موجودگی میں دونوں فریقین آپس میں شیر و شکر ہوکر بغل گیر ہوگئے۔

اس موقع پر مری قبیلے کا وفد میر نصیب اللہ مری کی سربراہی میں تھا جبکہ دیگر معززین میں قبائلی رہنما میر نثار احمد مری، میر فیض محمد مری، وڈیرہ جعفر خان پوادی، میر قیصر خان مری، عبدالمالک زرکون، میر غلام دستگیر مری، وڈیرہ بالو خان مری، ایڈوکیٹ علی شیر زرکون، وڈیرہ غازیخان شیرانی، وڈیرہ بہرام خان شیرانی، ملک ہاشم خان شیرانی، وڈیرہ کریم شاہیجہ، شادی خان قلندرانی، ملک نیاز شاہیجہ، ڈاکٹر یعقوب خان مری، وڈیرہ یعقوب خان، ڈاکٹر جمعہ خان سالارانی، میر اعجاز احمد مری، میر دوست علی مری، حاجی عبدالرحمن کنگرانی، حاجی حضور بخش کنگرانی و دیگر علاقائی معتبرین شامل تھے جبکہ فریق دوئم میں ملک اعظم خان زرکون، سردار دوست محمد زرکون، چیف آف زرکون سردار عبدالرشید زرکون، سابق سینیٹر قبائلی و سیاسی رہنما میر محبت خان مری، میر اسماعیل مری، سردار حیدران زرکون، ممتاز عالم دین مولانا کریم بخش مری، میر باز محمد مری، بی این پی کے ضلعی صدر ملک گامن خان مری، حاجی عبداللہ خان زرکون، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما محراب بلوچ، قبائلی و سیاسی رہنما وڈیرہ ربنواز پوادی، وڈیرہ محمد جان پوادی، وڈیرہ سلیمان پیردادانی، ڈاکٹر محمد علی زرکون، سید عثمان شاہ، بابو گل شیر زرکون، مولاداد زرکون، میر غلام قادر مری، میر اسلم فاروق مری، حاجی رحم علی پیردادانی، ملک نسیم زرکون، ملک الطاف زرکون، ملک تیمور خان زرکون,ملک صحبت خان زرکون، ملک بلال زرکون، ملک اصغر خان زرکون و دیگر علاقائی عمائدین موجود تھے، اس موقع پر قبائلی عمائدین نے دونوں فریقین کے درمیان دیرینہ رنجش کا تصفیہ کرکے شیر و شکر کردیا، ممتاز عالم دین مولانا کریم بخش مری نے دعا کرکے دونوں فریقین کو آپس میں بغل گیر کردیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر میر نصیب اللہ مری کا کہنا تھا کہ حلقے میں امن کا خواہاں ہوں، آپس میں چھوٹی، چھوٹی رنجشوں کا خاتمہ کرکے ایک صف میں کھڑے ہو کر علاقے کی بہتری اور عام شہری کے مفادات کو ترجیح دے کر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ قبائلی عمائدین ایک وفد تیار کر کے ضلع میں موجود تمام اقوام کی آپس میں قائم دیرینہ رنجشوں کا خاتمہ کریں زرکون قبیلے کی جانب سے سردار دوست محمد زرکون ، ملک اعظم زرکون و دیگر قبائلی عمائدین نے میر نصیب اللہ مری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر نے بڑے پن کا مظاہرہ کرکے دونوں فریقین کے درمیان قائم دیرینہ رنجش کے خاتمے کیلئے پہل کردی ہے جو کہ ایک مثبت قدم ہے، اس موقع پر رسالدار میجر لیویز شیر محمد کی جانب سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔