مسلم لیگ (ن) کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج ہوگا

پارٹی کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اجلاس 12 جون کو طلب کیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 10 جون 2019 09:50

مسلم لیگ (ن) کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج ہوگا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 جون۔2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاﺅس میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیرصدارت ہوگا جبکہ پارٹی کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اجلاس 12 جون کو طلب کیا گیا ہے. ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ( ن) اور قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی ایڈوائزری گروپ کا اجلاس آج سہ پہرپارلیمنٹ ہاﺅس میں اپوزیشن چیمبر میں منعقد ہوگا.

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارٹی کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اجلاس 12 جون کو اسلام آباد میں طلب کیا ہے. اجلاس صبح گیارہ بجے اپوزیشن چیمبر، پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوگا جس میں ملک کی معاشی صورتحال سمیت مہنگائی، بیروزگاری، افراط زر میں ہولناک اضافے، ملک پر بڑھنے والے قرض، ڈالر کی قیمت سمیت دیگر معاشی امور زیر غور آئیں گے.

اجلاس میں بجٹ کے حوالے سے سے مشاورت ہوگی اور مختلف تجاویز مرتب کی جائیں گی جبکہ عوام دشمن بجٹ کے خلاف مزاحمت کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف لندن میں تقریبا دو ماہ قیام کے بعد گزشتہ روز وطن واپس پہنچے ہیں. ان کی وطن واپسی پرپارٹی صدر کے استقبال کے لیے لیگی رہنما امیر مقام، احسن اقبال، میاں مرغوب ، میاں مجتبیٰ ، بلال یاسین ، عظمیٰ بخاری ، راحیلہ خادم، ملک پرویز ، شائستہ پرویز ، علی پرویز ، وحید عالم خان، ارکان صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر، چوہدری شہباز ، غزالہ سلیم بٹ، ملک سیف الملوک، عطااللہ تارڑ ،عائشہ غوث پاشا اور دیگر راہنماﺅں نے کارکنوں کے ساتھ ان کا استقبال کیا.

پارٹی راہنماﺅں سے ملاقات کے بعد انہیں قافلے کی شکل میں ایئرپورٹ سے ماڈل ٹاﺅن پہنچایا گیا تھا. یاد رہے کہ شہباز شریف 10 اپریل کو طبی معائنے کے لیے برطانیہ گئے تھے، ان کے خلاف رمضان شوگر ملز اور آشیانہ سکینڈل کے مقدمات زیر سماعت ہیں.