وہاڑی: چراغ تلے اندھیرا، ڈپٹی کمشنر ہاؤس کی دیوار سے ملحقہ خواتین کےلئے بنایا گیا اکلوتا پارک کچرا کنڈی میں تبدیل ہو گیا

کروڑوں روپے کی ورزش والی مشینری انتظامیہ کی عدم دلچسپی اور لاپرواہی کے باعث ٹوٹ پھوٹ کر غائب ہوچکی ہے

پیر 10 جون 2019 16:09

وہاڑی: چراغ تلے اندھیرا، ڈپٹی کمشنر ہاؤس کی دیوار سے ملحقہ خواتین کےلئے ..
وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جُون 2019ء، نمائندہ خصوصی، منور حُسین رجانہ) اگر چراغ تلے اندھیرا کی کوئی مثال دیکھنی ہو تو یہ مثال وہاڑی میں خواتین کے لیے بنائے گئے اکلوتے پارک پر صادق آتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ہاؤس کی دیوار سے ملحقہ خواتین کےلئے بنایا گیا یہ اکلوتا پارک کچرا کنڈی میں تبدیل ہوچکا ہے۔ خواتین کےلئے بنائے گئے اس پارک میں ورزش کےلئے رکھی گئی کروڑوں روپے کی مشینری متعلقہ انتظامیہ کی عدم دلچسپی اور لاپرواہی کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کر غائب ہوچکی ہے۔

پارک کے جمخانہ اور میٹنگ روم کو انتظامیہ نے تالے لگادئیے ہیں۔ پارک کے جھولے، سیڑھیاں، لائیٹس سمیت دیگر قیمتی اشیاءبھی ٹوٹ چکی ہیں۔پارک میں جگہ جگہ گندگی اور کوڑے کے ڈھیر لگ چکے ہیں۔ پارک کو انتظامیہ نے سٹور کے طور پر استعمال کرنا شروع کردیا ہے جہاں پر ناکارہ اشیاءرکھی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

جس کے باعث یہاں شدید تعفن پیدا ہو چکا ہے۔ راہگیر یہاں سے گزرتے وقت ناک پر رومال رکھ کر گزرتے ہیں۔

پارک کی سہولت میسر نہ ہونے کی وجہ سے خواتین سڑکوں پر سیر اور ورزش کرنے پر مجبور ہیں۔ خواتین کی بہت بڑی گنتی مختلف بیماریوں کا شکار ہے جن کے لیے ورزش اورچہل قدمی کرنا بہت ضروری ہے مگر اس پُورے شہر میں اُن کے لیے مخصوص کوئی دُوسرا پارک نہیں ہے۔ متعدد بار شکایات اور تحریری درخواستوں کے باوجود ضلعی افسران نے پارک پر کوئی توجہ نہ دی ہے جس پر خواتین اور شہریوں نے کمشنر ملتان سمیت دیگر اعلی حکام سے نوٹس لیتے ہوئے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :