سی ویو چوکی انچارج نے ڈکیت کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا

گرفتار ملزم اسلحہ کے زور پر خواتین سے پرس چھین رہا تھا کہ چوکی انچارج و پولیس نےرنگے ہاتھوں دبوچ لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 جون 2019 16:28

سی ویو چوکی انچارج نے ڈکیت کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جُون 2019ء، نمائندہ خصوصی، آصف خان) سی ویو پولیس نے راہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملزم سی ویو کے علاقے میں سڑک پر ایک خاتون سے پرس چھین رہا تھا۔ جب پولیس ٹیم نے اُسے دیکھ لیا۔ ملزم نے پرس سمیت بھاگنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے اُس کا تعاقب کر کے اُس کی فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔

تفصیلات کے مطابق سی ویو چوکی انچارج و پولیس پارٹی نے خاتون سے پرس چھیننے والے ڈکیت کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ ملزم سے اسلحہ اور چھینا ہوا پرس برآمد کرکے اُس کے خلاف مقدمہ درج کردیا ۔ایس ایس پی ساو¿تھ سید پیر محمد شاہ کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے سی ویو چوکی انچارج عمران چودھری نے ایک ڈکیت کو خاتون سے پرس چھینتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ملزم سے تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ وہ اس سے قبل بھی اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کی متعدد وارداتیں کرتا رہا ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک غیرقانونی ٹی ٹی پستول اور خاتون سے چھینا ہوا پرس برآمد کرکے مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس وقت کراچی میں پولیس کی جانب سے سٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کے لیے گشت بڑھا دیا ہے جس کے باعث ڈکیتی کی کئی واداتوں کو ناکام بنا کر درجنوں ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔