آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کی خبر ملتے ہی پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن سراپا احتجاج

گرمی کے باوجود علامہ اقبال روڈ گڑھی شاہو پر نیب کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے کر ٹریفک بند کر دی۔ پیپلز پارٹی کے احتجاجی کارکنان جن میں خواتین کی کثیر تعداد شامل تھی نے حکومت اور نیب کے خلاف شدید نعرے بازی کی، احتجاجی دھرنے کی وجہ سے علامہ اقبال روڈ پر ٹریفک بری طرح جام ہو گئی

پیر 10 جون 2019 21:17

آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کی خبر ملتے ہی پاکستان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کی خبر ملتے ہی پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے سخت گرمی کے باوجود علامہ اقبال روڈ گڑھی شاہو پر نیب کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے کر ٹریفک بند کر دی۔ پیپلز پارٹی کے احتجاجی کارکنان جن میں خواتین کی کثیر تعداد شامل تھی نے حکومت اور ن یب کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

احتجاجی دھرنے کی وجہ سے علامہ اقبال روڈ پر ٹریفک بری طرح جام ہو گئی۔ مظاہرین کا موقف تھا کہ وہ نیب کو آصف علی زرداری کے خلاف کسی صورت نیب دہشت گردی نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیب نے آصف علی زرداری کو گرفتار کیا تو گلی گلی میں دما دم مست قلندر ہو گا۔ پیپلز پارٹی کے جیالے اس قسم کے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔ ٹریفک بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرے میں افتخار شاہد ایڈووکیٹ، شاہدہ جبیں، مانی پہلوان سمیت دیگر رہنما اور کارکنان شامل تھے۔