گلوکارہ ثناء تاجک نے موسیقی کی دنیا میں محض دوسال میں ہی نام کما لیا

اگر گلوکارہ نہ بنتی تو آج میری شادی کردی گئی ہوتی اورمیں اس وقت اپنے خاندان کو سنبھال رہی ہوتی بچپن سے موسیقی کا شوق تھا ‘ابتداء میں کچھ مشکلات آئیں لیکن وقت گزرنے کیساتھ ساتھ سب ٹھیک ہوگیا جب میں پہلی بار ٹی وی کی اسکرین پر نظر آئی تو مجھے ایسا لگاجیسے قیامت آگئی ہو‘پشتو گلوکارہ کاانٹرویو

منگل 11 جون 2019 12:05

گلوکارہ ثناء تاجک نے موسیقی کی دنیا میں محض دوسال میں ہی نام کما لیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2019ء) گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھتے ہی شائقین میں جگہ بنانے میں کامیاب ہونے والے نئے گلوکاروں میں پشتو کی نوجوان گلوکارہ ثنا تاجک بھی ہیں، جنہیں موسیقی کی دنیا میں آئے ہوئے محض 2 سال کا عرصہ ہوا ہے۔ثنا تاجک کا تعلق ماضی میں شورش زدہ علاقوں میں شمار ہونے والے لوئر دیر سے ہے اور انہوں نے 2017 میں بطور گلوکارہ اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

اپنے ایک انٹرویو میں ثنا تاجک نے بتایا کہ اگر وہ گلوکارہ نہ بنتیں تو آج ان کی شادی کردی گئی ہوتی اور وہ اس وقت اپنے خاندان کو سنبھال رہی ہوتیں۔ثنا تاجک نے وضاحت کی کہ جس علاقے سے ان کا تعلق ہے، وہاں لڑکیوں کی جلد شادی کی جاتی ہے اور میٹرک کرنے کے بعد لڑکیوں کو بیاہ دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

موسیقی میں اپنی دلچسپی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ثنا تاجک کا کہنا تھا کہ انہیں بچپن سے ہی موسیقی میں دلچسپی تھی اور انہوں نے اس کا اظہار اپنے والدین سے کیا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ابتدائی طور پر انہیں کچھ مشکلات پیش آئیں، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سب کچھ ٹھیک ہوتا گیا۔انہوں نے پہلی بار ٹی وی پر اپنے جلوہ گر ہونے کے وقت کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ پہلی بار ٹی وی کی اسکرین پر نظر آئیں تو انہیں ایسا لگا کہ قیامت آگئی ہو۔ثنا تاجک نے خیبرپختونخوا میں خواتین گلوکاراؤں کو قتل کیے جانے کے واقعات پر بات کرتے ہوئے اس تاثر کو مسترد کیا کہ انہیں صرف گلوکاری کرنے کی وجہ سے قتل کیا جاتا ہے۔

ثنا تاجک کے مطابق خیبرپختونخوا میں بعض لڑکیوں کو اپنی غلطیوں کی وجہ سے بھی قتل کیا جاتا ہے۔گلوکارہ نے اعتراف کیا کہ آغاز میں انہیں کچھ مشکلات ضرور پیش آئیں، لیکن اب جب بھی وہ اپنے گاؤں جاتی ہیں تو لوگ ان کی عزت کرتے ہیں اور ان سے ملاقات کرنا پسند کرتے ہیں۔ثنا تاجک نے 2017 سے کیریئر کا آغاز کیا، تاہم انہوں نے پہلا گانا ’دیدن‘ 2018 میں ریلیز کیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔

ثنا تاجک عید اور نئے سال کے موقع سمیت دیگر اہم مواقع پر گانے ریلیز کرتی ہیں، جب کہ مختلف میوزک فیسٹیول میں پرفارمنس کرنے سمیت پشتو زبان کے ٹی وی چینلز پر بھی گلوکارہ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ثنا تاجک سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہتی ہیں اور مداحوں سے اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔