مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں نے شوپیان میں مزید دو کشمیری نوجوان شہید کردیئے

منگل 11 جون 2019 12:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں منگل کو ضلع شوپیان میں مزید دوکشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز، پیراملٹری سینٹرل ریزروپولیس فورس اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے ضلع کے علاقے آونیرہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران شہید کیا۔

بھارتی فوج کے ایک افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان عسکریت پسند تھے جوایک جھڑپ کے دوران مارے گئے۔انہوں نے کہاکہ مارے گئے نوجوان کی شناخت کی جارہی ہے اورعلاقے میں آپریشن ابھی جاری ہے۔ دریں اثناء قابض انتظامیہ نے ضلع میں تمام انٹرنیٹ سروسز معطل کردی ہیں۔