بانی ایم کیوایم کی گرفتاری، وکلا نے ضمانت کے لیے درخواست دائر کر دی

بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو آج صبح اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 جون 2019 16:32

بانی ایم کیوایم کی گرفتاری، وکلا نے ضمانت کے لیے درخواست دائر کر دی
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جون 2019ء) : بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی ضمانت کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے وکلا نے لندن پولیس کی زیر حراست متحدہ کے بانی الطاف حسین کی ضمانت کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ سے کراچی ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ نے رابطہ کیا۔

ایف آئی اے نے ملزم کو حوالے کرنے سے متعلق شواہد سے آگاہ کیا۔ ایف آئی اے کی 3 رکنی ٹیم کی لندن روانگی کے لیے تیار ہے ۔تاہم ایف آئی اے کومحکمہ داخلہ کے جواب کا انتظار ہے۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایف آئی اے کی طرف سے برطانوی وکیل ٹوبی کیڈمین الطاف حسین کے خلاف کیس میں پیش ہوں گے۔ جبکہ جے آئی ٹی سربراہ مظہر الحق کاکاخیل بھی کچھ دنوں میں کیس کی پیروی کے لیے لندن جائیں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ایم کیو ایم کے بانی اور قائد کو لندن میں گرفتارکر لیا گیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے صبح سویرے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے گھر پر چھاپہ مارا۔ چھاپے میں 15 کے قریب پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ بانی ایم کیو ایم کو گرفتاری کے بعد مقامی پولیس اسٹیشن لے جایا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فی الوقت بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے گھر کی تلاشی جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری ممکنہ طور پر 2016ء میں کی گئی نفرت انگیز تقریر پر عمل میں لائی گئی۔ لندن پولیس نے بھی الطاف حسین کی گرفتاری سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ جس میں کہا گیا کہ الطاف حسین کو نفرت انگیز تقریر اور پاکستان مخالف تقاریر کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ گرفتار شخص سے متعلق تحقیقات کے لیے پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو 6 ماہ سے تین سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری پر ایم کیو ایم کی جانب سے تاحال کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔