بانی متحدہ مکافاتِ عمل کا شکارہیں، مصطفی کمال

آج بانی ایم کیو ایم کے خاص ساتھی بھی انہیں چھوڑ کرجاچکے ہیں، چیئرمین پی ایس پی

منگل 11 جون 2019 17:58

بانی متحدہ مکافاتِ عمل کا شکارہیں، مصطفی کمال
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے کہ آج بانی ایم کیو ایم کے خاص ساتھی بھی انہیں چھوڑ کرجاچکے ہیں، یہ مکافاتِ عمل ہے۔ بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے پی ایس پی کے رہنما مصطفی کمال نے کہا کہ ہم بہت سالوں سے ایک ٹریپ میں پھنسے ہوئے ہیں، کئی دہائیوں سے یہ سلسلہ مہاجر قوم کے ساتھ جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بانی ایم کیوایم آج سے پہلے بھی گرفتارہوئے تھے،آج پوراسیٹ بانی ایم کیوایم کے ساتھ نہیں ہے، ان کے خاص ساتھی انہیں چھوڑ کرجاچکے ہیں اور اب صرف ان کے تنخواہ دار ان کے ساتھ ہیں۔مصطفی کمال نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم کے ساتھ جوہورہاہے وہ مکافات عمل ہے،ہماری7کارکنان مارے گئے ہم نے پلٹ کرکچھ نہیں کیا۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے ایم کیو ایم میں رہتے ہوئے کوئی ثبوت جمع نہیں کیے، میں کسی کا ایجنٹ نہیں تھا جو ثبوت جمع کرتا۔ بانی ایم کیو ایم کی تقاریراوران کے اعمال ہی ان کے خلاف شواہدہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے ان کے خلاف کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ہے،لندن پولیس کے پاس پہلے ہی بہت شواہدموجودہیں۔