انصاف کے حصول کیلئے ہر فورم پر جدوجہد جاری ہے،خون کے ایک ایک قطرے کا قصاص ہوگا،سردار سیف اللہ خان سدوزئی

پانچ سال گزرنے پر بھی سانحہ ماڈل ٹائون کے زخم تازہ ہیں،ہم شہداء کو نہیں بھولی: پانچ سال بعد بھی طاقتور ملزمان دندناتے پھررہے ہیں ،جو انصاف فراہم کرنے والے اداروں پر سوالیہ نشان ہے

منگل 11 جون 2019 22:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2019ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل سردار سیف اللہ خان سدوزئی ایڈووکیٹ نے پاکستان عوامی تحریک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون پاکستانی تاریخ کا بدترین سیاہ باب ہے جس میں ریاستی دہشت گردی کے زریعے معصوم اورنہتے شہریوں کا قتل عام کیا گیا۔سانحے کو پانچ سال گزرنے کے باوجود ہمارے زخم تازہ ہیں،ہم اپنے شہداء اور زخمیوں کو نہیں بھولے۔

(جاری ہے)

اس سانحے میں کیمروں کے سامنے سینکڑوں لوگوں کو گولیوں سے بھون دیا گیا مگر پانچ سال بعد بھی طاقتور ملزمان دندناتے پھررہے ہیںجو انصاف فراہم کرنے والے اداروں کیلئے سوالیہ نشان ہے۔انصاف کے حصول کیلئے ہر فورم پر جدوجہدجاری ہے اور وہ دن دور نہیں جب ماڈل ٹائون میں شہیداور زخمی ہونیوالوں کے خون کے قطرے قطرے کا قصاص ہوگا۔نہ ہم تھکے ہیں اور نہ ہی ہمارے حوصلے پست ہوئے ہیں بلکہ ہم اپنے شہداء کے قصاص کیلئے پرعزم ہیں اور شہداء ماڈل ٹائون کے خون کا قصاص ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔اس موقع پر اویس قرنی،عامر کریم،ریاض خان علیانی،خواجہ محمد جاوید،ابراہیم سدوزئی،رائو آصف رزاقی،سجاد نقشبندی،محمد ولید ملک اوردیگر موجود تھے۔