گریجویٹس کو ملازمت دینے والوں کو ٹیکس میں رعایت دی جائیگی

منگل 11 جون 2019 23:52

گریجویٹس کو ملازمت دینے والوں کو ٹیکس میں رعایت دی جائیگی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2019ء) وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق شدہ یونیورسٹیوں اور اداروں سے حال ہی میں گریجویشن مکمل کرنے والے نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے والے افرادکو ادا کردہ سالانہ تنخواہ کے حساب سے ٹیکس کی رعایت دی جائیگی۔

(جاری ہے)

منگل کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2019-20ء کا وفاقی بجٹ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ نئے گریجویٹس کو ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں، ایسے گریجویٹس کو ملازمت فراہم کرنے والے افراد کو ایک نیا ٹیکس کریڈٹ دینے کی تجویز ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق شدہ یونیورسٹیوں اور اداروں سے حال ہی میں گریجویشن مکمل کرنے والے نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے والے افرادکو ادا کردہ سالانہ تنخواہ کے حساب سے ٹیکس کی رعایت دی جائیگی۔ یہ ٹیکس رعایت کاروباری اداروں کی طرف سے اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کی مد میں کلیم شدہ اخراجات کے علاوہ ہو گا۔ ایسے افراد جنہوں نے یکم جولائی 2017ء کے بعد گریجوایشن مکمل کی ہو گی انہیں ٹیکس رعایت کے مقصد کے لئے نیا گریجویٹس تصور کیا جائے گا۔