سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی طبیعت خراب ، وزن تیزی سے کم ہونا شروع ہو گیا

سابق صدر پرویز مشرف اب وہیل چئیر پر ہیں، وہ چل پھر نہیں سکتے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 جون 2019 11:31

سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی طبیعت خراب ، وزن تیزی سے کم ہونا شروع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جون 2019ء) : سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی طبیعت خراب اور اُن کا وزن تیزی سے کم ہونا شروع ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس طاہرہ صفدر کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی عدالت سنگین غداری کیس کی سماعت کررہی ہے۔ پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر نے آج سماعت کے آغاز ہی میں کیس کے التوا کے لیے ایک اور درخواست جمع کروا دی۔

پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ہر مرتبہ سماعت کے دوران کیس کی التوا کی درخواست پر شرمندگی ہوتی ہے۔ سابق صدر کا وزن تیزی سے کم ہو رہا ہے، پرویز مشرف وہیل چیئر پر ہیں اور وہ چل پھر نہیں سکتے۔ سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کی کہ پرویز مشرف کو ایک موقعہ اور دیا جائے تاکہ وہ خود عدالت میں پیش ہو سکیں۔

(جاری ہے)

مشرف کے دل کی کیموتھراپی ہو رہی ہے،اس کیموتھراپی کے بعد صحت خراب ہوتی ہے۔

جس پر جسٹس طاہرہ صفدر نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے اس معاملے پر حکم جاری کررکھا ہے۔ پرویز مشرف کے وکیل نے جواب دیا کہ وہ عدالتی حکم سے آگاہ ہیں۔ انسانی بنیادپر ایک اور درخواست کررہے ہیں۔ استغاثہ کے وکیل ڈاکٹر طارق حسن نے پرویز مشرف کی صحت کے حوالے سے اپنے دلائل دیے جس پر جسٹس طاہرہ صفدر نے کہا کیا آپ پرویز مشرف کی جسمانی صحت کے خلاف بات کررہے ہیں؟ جس پر جسٹس نذر اکبر نے استفسار کیا کہ کیا پرویز مشرف کی صحت کی تصدیق کروانا چاہتے ہیں؟ استغاثہ کے وکیل نے کہا کہ وہ ایسا نہیں چاہتے ۔

عدالت نے پرویز مشرف کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے کرنے کا موقع دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا دیکھنا یہ ہے کہ آج کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظور کی جائے یا نہ؟ استغاثہ کے وکیل نے کہا کہ ہم فریق مخالف کے رویے کو اپوز کرتے ہیں۔ عدالت نے پرویز مشرف کی التوا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد سنائے جانے کا امکان ہے۔