اصغر خان عمل در آمد کیس:ایف آئی اے فائل بند کرنے کی سفارش کردی

مقدمہ کا مرکزی ملزم یونس حبیب اور درخواست گزار بھی اب دنیا میں نہیں رہے. وفاقی ادارے کا موقف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 12 جون 2019 12:24

اصغر خان عمل در آمد کیس:ایف آئی اے فائل بند کرنے کی سفارش کردی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 جون۔2019ء) سپریم کورٹ میں اصغر خان عمل در آمد کیس سے متعلق سماعت ہوئی، ایف آئی اے نے ایک مرتبہ پھر کیس بند کرنے کی سفارش کردی ہے. تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں اصغرخان عمل درآمد کیس کی سماعت کے موقع پر ایف آئی اے نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں سفارش کی گئی ہے کہ ناکافی شواہد کے سبب کیس بند کردیا جائے.

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقدمہ کا مرکزی ملزم یونس حبیب اور درخواست گزار بھی اب دنیا میں نہیں رہے، پیسہ لینے والے سیاستدانوں میں سے 9کا انتقال ہو چکا ہے.

(جاری ہے)

پیسے کی سیاستدانوں کو براہ راست وصولی کا بھی کوئی ثبوت نہیں ہے، شواہد کی عدم موجودگی کے باعث کیس ٹرائل کورٹ میں کامیاب نہیں ہو سکتا. رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے مجموعی طور پر16افراد کے بیانا ت ریکارڈ کئے، بینکوں کی جانب سے اکاﺅنٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں.

ایف آئی اے نے اصغر خان کیس پر ہونے والے190ٹاک شوز کا بھی جائزہ لیا ہے، بریگیڈیئرحامد کے بیان میں رقم دینے کی تفصیلات نہیں ملتیں، تمام تر کوششوں کے باوجود تحقیقات کسی منطقی نتیجے پر نہیں پہنچ سکیں، لہٰذا ان حقائق کی روشنی میں کیس بند کر دیا جائے. یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 31 دسمبر کو اصغر خان کیس کی سماعت کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے اٹارنی جنرل، ایف آئی اے اور متعلقہ فریقوں کو نوٹسز جاری کیے تھے، کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کرنی ہے. اصغر خان کیس سیاسی راہنماﺅں میں کروڑوں روپے تقسیم کرنے کے معاملے سے متعلق ہے کہا جاتا ہے کہ نوے کی دہائی میں پیپلز پارٹی کو شکست دینے کے سیاست دانوں کو خطیررقم رشوت میں دی گئی تھی.