بعض یورپی ممالک ایران کے ایٹمی معاہدے سے غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں، روسی وزیر خارجہ

بدھ 12 جون 2019 13:23

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بعض یورپی ممالک ایران کے ایٹمی معاہدے سے غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ماسکو میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے پر کاربند ہے اور اس بین الاقوامی معاہدے کا تحفظ کرنے کی ذمہ داری کافی حد تک خود یورپی فریقوں پر عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے ایران کے خلاف امریکی اقدامات کے بارے میں کہا ہے کہ امریکہ کی یہ بات مکمل طور پر واضح ہو چکی ہے کہ وہ دنیا کو سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل نہ کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔سرگئی لاوروف نے کہا کہ بعض مغربی ممالک اس کوشش میں ہیں کہ ایران کی جانب سے کوئی غلط قدم اٹھایا جائے یا ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کی جائے۔ایران نے بارہا اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ایٹمی معاہدے کے یورپی فریقوں کی جانب سے وعدوں پر عمل نہیں کیا گیا ہے، ایرانی حکومت نے یورپی ممالک سے کہا ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے کی صرف سیاسی حمایت کرنے کے بجائے اس بین الاقوامی معاہدے کے حوالہ خاص طور سے اقتصادی اور مالی شعبوں میں امداد کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔