سعودی عرب میں فیملی ویزہ میں توسیع کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی ہو گی

تارکین کی فیملی کے لیے وِزٹ ویزہ کی مُدت چھ ماہ کی ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 جون 2019 12:36

سعودی عرب میں فیملی ویزہ میں توسیع کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی ہو گی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،12جُون 2019ء) ڈائریکٹر جنرل آف پاسپورٹس (جوازات) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم افراد کی جانب سے اپنے اہل و عیال کے وزٹ ویزوں میں توسیع کے لیے میڈیکل انشورنس کروانی لازمی ہو گی۔ یہ بات مقامی اخبار المدینہ کی جانب سے شائع ایک رپورٹ سے سامنے آئی ہے۔ جوازات کی جانب سے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر بتایا گیا ہے کہ وِزٹ ویزہ پر آنے والوں کے لیے میڈیکل انشورنس کروانی لازمی ہو گی جبکہ وزِٹ ویزہ کی مُدت میں توسیع میڈیکل انشورنس کے بغیر نہیں کی جائے گی۔

اس میڈیکل انشورنس کی صورت میں غیر مُلکیوں کو ایمر جنسی کیسز کی صورت میں ایک لاکھ ریال تک کے علاج معالجے کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔اس وقت سعودی عرب میں 100ممالک سے تعلق رکھنے والے 90 لاکھ سے زائد تارکین ملازم موجود ہیں۔

(جاری ہے)

بہت سے تارکین نے اپنی فیملیوں کو وطن واپس بھجوا دیا ہے اور اب اُنہیں وزٹ ویزہ پر سعودی مملکت بُلوا رہے ہیں۔ جوازات کے مطابق تارکین کے اہل و عیال کے لیے وِزٹ ویزہ کی مُدت چھ ماہ سے زائد نہیں ہو گی۔

اس کے بعد اُنہیں مزید قیام کے لیے ویزے کی مُدت میں توسیع کروانا ہو گی۔ وزٹ ویزے کی مُدت میں توسیع کے لیے فرد ذاتی حیثیت میں یا ادارے اور کمپنیاں ابشر کی آن لائن سروس کی سہولت سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔ اگر کسی کے وزٹ ویزے کی میعاد ختم ہونے کے بعد اُسے کسی میڈیکل ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو ایسی صورت میں وہ میڈیکل انشورنس سے فائدہ نہیں اُٹھا سکے گا۔