ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے 36 سے زائد تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں فائنل ٹرم امتحانات شروع

امتحانات میں 12 ہزار سے زائد سکالرز اور طلباء و طالبات شرکت کر رہے ہیں، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس

بدھ 12 جون 2019 13:48

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں فائنل ٹرم امتحانات شروع ہو گئے، یونیورسٹی کے 36 سے زائد تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں یہ امتحانات جاری ہیں، ان امتحانات میں 12 ہزار سے زائد سکالرز اور طلباء و طالبات شرکت کر رہے ہیں۔ امتحانات کے سلسلہ میں منعقدہ انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے چاروں فیکلٹیز کے مختلف تعلیمی و تحقیقی شعبوں کا دورہ کیا اور امتحانی مراکز کا معائنہ کیا۔

انہوں نے تعلیمی شعبوں جن میں فزکس، ایگریکلچر، سائیکالوجی شامل ہیں، کے چیئرمین صاحبان سے امتحانات کے حوالہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بروقت امتحانات کے انعقاد سے طلباء و طالبات کو اپنی محنت اور پڑھائی کا صلہ ملے گا، ہزارہ یونیورسٹی تعلیم اور تحقیق کے میدان میں نمایاں مقام رکھتی ہے اور یہاں پر زیر تعلیم سکالرز اور طلباء و طالبات جن کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع، گلگت بلستان، آزاد کشمیر اور پاکستان کے دیگر علاقوں سے ہے، اپنی تعلیمی سرگرمیاں اس تعلیمی ادارے میں جاری رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں جو یونیورسٹی کے اساتذہ اور انتظامیہ کیلئے ایک اعزا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جدید ترین انفراسٹرکچر کی تکمیل کی بدولت اب ہزارہ یونیورسٹی کے تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں 20 ہزار سے زائد طلباء و طالبات کو تعلیمی و تحقیقی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں، جدید ترین نئے شعبہ جات کی منظوری اور اجراء سے طلباء و طالبات کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جو ہمارے محنتی، تجربہ کار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کی مرہوں منت ہے۔

وائس چانسلر نے 7 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے ہاسٹلز کا بھی معائنہ کیا جو 30 جون 2019ء تک یونیورسٹی انتظامیہ کے حوالہ کر دیئے جائیں گے ۔ اس موقع پر مختلف تعلیمی شعبوں کے چیئرمین اور پروفیسر ڈاکٹر صالح محمد، پروفیسر ڈاکٹر فدا عباسی، پروفیسر ڈاکٹر اذکیا ہاشمی، ڈاکٹر فرحانہ کاظمی، ڈاکٹر واجد رحمن گورا، ڈاکٹر محمد ایاز خان اور ڈاکٹر خلیل الرحمن بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :