ْہائیر ایجوکیشن کمیشن نے قراقرم یونیورسٹی کو اکنامکس میں ایم ایس شروع کرنے کی منظوری دیدی

بدھ 12 جون 2019 13:56

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) ہائرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ اکنامکس میں ایم ایس پروگرام شروع کرنے کی منظور ی دے دی ہے جس کے تحت ایم ایس اکنامکس میں داخلہ سمسٹر خزاں 2019ء سے شروع کئے جائیںگے ۔ اکنامکس میں ایم ایس پروگرام شروع کروانے کی منظوری سے گلگت بلتستان کے طلباء کو گھر کی دہلیز پر اکنامکس میں ایم ایس کرنے کا موقع میسر آنے سمیت بھاری بھر اخراجات کے ساتھ ملک کے دوسرے حصوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے جانے کی زحمت سے بچ جائیں گے۔

شعبہ اکنامکس کے چیئرمین ڈاکٹر فقیر محمد نے ہائیرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ایم ایس شروع کرانے کی منظوری ملنے پر کمیشن حکام اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ شعبہ اکنامکس میں پہلے ہی بی ایس اور ماسٹر پروگرام چل رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کی بھرپور سرپرستی اور تعاون سے ایم ایس پروگرام شروع کرانے کی منظوری ملنا شعبے میں معیار تعلیم کی بلندی اور بہتری کی عکاس ہے۔

انشاء اللہ ہم کمیشن کے مروجہ قواعد وضوابط کی پاسداری کرتے ہوئے ایم ایس میں داخل ہونے والے طلباء کو بہترین تعلیم فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ دوسری طرف اس اعزاز پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے شعبہ اکنامکس کے چیئرمین ، فیکلٹی ، یونیورسٹی کے جملہ اساتذہ، سٹاف ، طلباء سمیت گلگت بلتستان کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تناظر میں شعبہ معاشیات کی اہمیت و افادیت بڑھ گئی ہے ۔انشاء اللہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا شعبہ اکنامکس اس اہم منصوبے کی کامیابی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گا۔