حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی کے لئے چھ، چھ شخصیات کے کوائف ایک دوسرے کے حوالے کردیئے

بدھ 12 جون 2019 14:05

حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی کے لئے پارلیمانی کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن نے چھ، چھ شخصیات کے کوائف ایک دوسرے کے حوالے کردیئے ،کمیٹی کا آئندہ اجلاس 19جون کو دوبارہ ہوگا۔ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر شیریں مزاری کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں بلوچستان اور سندھ کے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی ، سید خورشید احمد شاہ ، مرتضی جاوید عباسی ، سینیٹر مشاہد اللہ خان ، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان ، رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی اور محمد میاں سومرو نے شرکت کی۔اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے سندھ اور بلوچستان کے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی کے لئے چھ ، چھ شخصیات کے ناموں کی فہرست پیش کی گئی، کمیٹی کا آئندہ اجلاس 19 جون کو دوبارہ ہوگا۔

واضح رہے کہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی 12 ارکان پر مشتمل ہے جس میں سے آٹھ کا قومی اسمبلی اور چار کا سینیٹ سے ہے۔ کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے اراکین کی تعداد مساوی ہے۔