حوثی باغیوں کا سعودی عرب کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر میزائل حملہ، 26 افراد زخمی

زخمیوں میں 3 خواتین اور 2بچے بھی شامل ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ جون 14:03

حوثی باغیوں کا سعودی عرب کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر میزائل حملہ، 26 افراد ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،12جُون 2019ء) سعودی عرب کی زیر قیادت فوجی اتحاد کے ترجمان تُرکی المالکی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اب سے تھوڑی دیر قبل حوثی باغیوں کی جانب سے ایک بار پھر سعودی سرزمین کو میزائل حملے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میزائل داغا۔

یہ میزائل ایئرپورٹ کے ارائیول ہال میں آ کر گرا۔ اس میزائل حملے کے نتیجے میں ایئرپورٹ میں موجود 26 شہری زخمی ہوئے ہیں، جن میں 3 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔ سعودی نیوز ایجنسیز کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ تمام زخمی افراد کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔ جن میں سے 18 معمولی زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ آٹھ شدید زخمیوںکا اسپتال میں علاج جاری ہے۔

زخمی ہونے والے افراد کا تعلق مختلف ممالک سے ہے ، جن میں بھارتی، سعودی اور یمنی بھی شامل ہیں۔ المالکی کی جانب سے ایئرپورٹ پر حملے کو جنگی جُرم قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ سعودی عرب پر حملے کے لیے حوثیوں کو میزائیل اور دیگر جدید اسلحہ ایران کی جانب سے فراہم کیا جا رہا ہے۔ حوثی ملیشیا کی جانب سے شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے۔ حالانکہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے تحت شہریوں اور شہری مقامات کو جنگ کے دوران نشانہ نہیں بنایا جا سکتا۔ دُوسری جانب حوثیوں کے ٹی وی چینل مسیرہ کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ اُن کی جانب سے سعودی عرب کے ایئرپورٹ کو کروز میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔