ورلڈکپ2019ء: پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت لیا

شاداب خان کی جگہ شاہین آفریدی ٹیم میں شامل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 جون 2019 14:04

ورلڈکپ2019ء: پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت لیا
ٹانٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12جون2019ء) انگلینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنےکا فیصلہ کیا ہے ۔قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور لیگ سپنر شاداب خان کی جگہ فاسٹ باﺅلر شاہین آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹانٹن کے کاﺅنٹی کرکٹ گراﺅنڈ میںمیگا ایونٹ کا یہ بڑا مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

پاکستانی ٹیم کے ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط ٹیم انگلینڈ کو زیر کرنے کے بعد حوصلے بلند ہیں، بیٹسمین فارم میں ہیں ،بولرز بھی ردھم حاصل کرچکے ہیں، جیت کا مومینٹم برقرار رکھنا ہے تو آج کے میچ میں آسٹریلیا کو زیر کرنا ہوگا۔اگر دونوں ٹیموں کی بات کی جائے تو میگا ایونٹ میں یہ اب تک 9 بار آمنے سامنے آئی ہیں اور آسٹریلوی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا ہے، گرین شرٹس نے 4 میں فتح حاصل کی جبکہ کینگروز نے 5 میں کامیابی سمیٹی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز کی بارش کے بعد ٹانٹن میں موسم خشک اور سرد ہے جب کہ شہر میں ہوائیں چل رہی ہیں اور درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔مطلع فی الحال ابر آلود ہے تاہم میچ میں اوور کاسٹ کنڈیشن رہے گی۔منگل کو ہونےوالی بارش کے باعث دونوں ٹیموں کو گراﺅنڈ میں پریکٹس کا موقع نہ مل سکا، گرین شرٹس کے 6 کھلاڑیوں نے ان ڈور ہال میں پریکٹس کی جبکہ آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی ہلکی پھلکی ٹریننگ کی۔

کینگروز بھی بھارت سے شکست کے بعد میچ میں پوری تیاری سے اتریں گے، اگر دونوں ٹیموں کو فائنل فور میں جگہ بنانی ہے تو آج کا میچ ضرور جیتنا ہوگا۔آسٹریلین ٹیم کے آل راﺅنڈر مارکس سٹوئنس ان فٹ ہو کر پاکستان کے خلاف میچ سے باہر ہوگئے ہیں، اسٹوئنس اتوار کو بھارت کیخلاف میچ میں سائیڈ اسٹرین کا شکار ہوئے تھے۔پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو آسٹریلوی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ پاکستان 3 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔