بلیو ایریا میں فائرنگ کیس کے ملزم سکندر کی سزا کے خلاف اپیل مسترد

ٹرائل کورٹ نے سکندر کو کم سزا دینے کی وجہ بیان نہیں کی. ہائی کورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 12 جون 2019 14:10

بلیو ایریا میں فائرنگ کیس کے ملزم سکندر کی سزا کے خلاف اپیل مسترد
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 جون۔2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے بلیو ایریا میں فائرنگ کیس کے ملزم محمد سکندر کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کردی ہے. عدالت عالیہ نے فائرنگ کرنے والے شخص سکندر کی سزا کے خلاف اپیل پر 13 مارچ کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے آج جاری کیا گیا ہے. ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 22 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا‘فیصلے میں کہا گیا کہ 6 سال قبل بندوق کی نوک پر خوف پھیلانے والے سکندر اپنی سزا پوری کریں، پراسیکیوشن نے اپنا کیس ثابت کیا، لہٰذا سکندر کی اپیل مسترد کی جاتی ہے.

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق ٹرائل کورٹ نے سکندر کو کم سزا دینے کی وجہ بیان نہیں کی جبکہ وفاق نے سزا بڑھانے کے لیے اپیل بھی دائر نہیں کی. خیال رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وفاقی دارالحکومت کے علاقے بلیو ایریا میں فائرنگ کرکے علاقے کو یرغمال بنانے والے ملزم سکندر کو 16 سال قید کی سزا سنائی تھی. عدالت نے ملزم سکندر پر ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید 6 ماہ قید کا سامنا کرنا تھا‘یاد رہے کہ اگست 2013 میں دارالحکومت اسلام آباد میں حکومت سے نالاں اسلحے سے لیس ایک عام شہری نے اسلامی نظام کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی تھی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا.

تقریباً 5 گھنٹے تک جاری رہنے والی اس کارروائی کے دوران متعدد مرتبہ سینئر پولیس افسران نے ملزم سکندر سے مذاکرات کرنے کی کوششیں کی تاہم وہ کامیاب نہیں ہوسکے تھے اور اس دوران وہ اپنے اہلیہ کے ذریعے بھی حکام تک اپنے مطالبات تحریری طور پر پہنچاتا رہا تھا. ملزم سکندر نے ہتھیاروں کے ساتھ شام ساڑھے 5 بجے سے رات کے 11 بجے تک جناح ایونیو کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلایا تھا، جہاں قریب ہی مصروف تجارتی علاقہ ہے اور اس سڑک کے اختتام پر ایوان صدر اور پارلیمنٹ ہاﺅس واقع ہیں.