ڈیم مہم چلانے والی حکومت نے ڈیمز کی تعمیر کے فنڈز ہی کم کر دئے

وفاقی بجٹ 20-2019ء میں بھاشا ڈیم کے لیے 16 ارب روپے مختص کیے گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 جون 2019 14:11

ڈیم مہم چلانے والی حکومت نے ڈیمز کی تعمیر کے فنڈز ہی کم کر دئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جون 2019ء) : ڈیمز کے لیے فنڈ ریزنگ مہم چلانے والی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ڈیمز کے لیے فنڈز ہی کم کر دئے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ مالی سال کے بجٹ میں سابقہ حکومت مسلم لیگ ن نے دیامر بھاشا ڈیم کے لئے بجٹ میں 23 ارب 68 کروڑ روپے مختص کیے تھے جس کو کم کر کے آئندہ مالی سال کے نبجٹ میں 16 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔

موجودہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھاشا ڈیم کے لیے 16 ارب روپے مختص کیے جو گذشتہ سال کی نسبت 7 ارب روپے کم ہیں۔ بھاشا ڈیم کی زمین حاصل کرنے کے لیے چار ارب روپے الگ سے بھی مختص کیے گئے ہیں۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت آبی وسائل ڈویژن کے گیارہ جاری ہائیڈل منصوبوں کے لیے ایک کھرب 20 ارب 7 کروڑ اور 5 نئے منصوبوں کے لیے 39 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ایس ڈی پی کے مطابق داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کے منصوبے پر 94 ارب 68 کروڑ روپے، گولن گول ہائیڈروپاور پراجیکٹ پر ایک ارب 98 کروڑ روپے، منگلا پاور اسٹیشن کی اپ گریڈیشن پر 5 ارب 57 کروڑ روپے، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر 34 ارب 29 کروڑ روپے، تربیلا توسیع منصوبے پر 3 ارب 26 کروڑ روپے، تربیلا فور توسیعی منصوبے پر 14 ارب 34 کروڑ روپے، ورسک ہائیڈرو الیکٹرک پاور اسٹیشن کی بحالی پر 4 ارب 34 کروڑ روپے اور درگئی ہائیڈرو الیکٹرک پاور اسٹیشن کی بحالی پر 34 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

شعبہ آب کی جاری اور نئی اسکیموں کے لیے مجموعی طور پر 69 ارب 67 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں میں اور ماڑہ میں بسول ڈیم، چکوال میں گھبیر ڈیم ، راولپنڈی میں پ پین ڈیم شامل ہیں۔ مانسہرہ میں چھوٹے ڈیمز کی تعمیر پر 50 کروڑ روپے، بلوچستان میں 100 ڈیمز کی تعمیر [ر ایک ارب روپے، خاران میں گروک ڈیم کی تعمیر پر ایک ارب 34 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ دیگر منصوبوں میں کچھی کینال ، کرم تنگی ڈیم ، مہمند ڈیم ہائیڈروپاور پراجیکٹ، نئی گاج ڈیم، چسمہ رائٹ کینال ، چشمہ اکھوڑ خیل ڈیم ، لسبیلہ میں وندر ڈیم اور سکھر بیراج کی بحالی شامل ہیں۔