کشمیری پنڈتوں کی مقبوضہ وادی میں واپسی کا خیر مقدم کیا جائے گا، میر واعظ عمر فاروق

بدھ جون 14:35

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کشمیری پنڈتوں کو جموں وکشمیر کے معاشرے کا ایک ناقابل تنسیخ حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مقبوضہ وادی کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع گاندر بل کے علاقے تولہ مولہ میںلگنے والے میلہ کھیر بوانی میں شرکت کیلئے آنے والے پنڈتوں کے ایک وفد نے شری ستیش کمار اور نتھل رازدان کی قیادت میں میر واعظ سے سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

میر واعظ نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے کئی بار پنڈتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں کو لوٹ آئیں اور ماضی کی طرح کشمیر ی معاشرے اور تہذہب کا حصہ بن کر کے یہاں دوبارہ سے زندگی گزاریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے پنڈت برادری کومیلہ کھیر بھوانی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی پر سیاست کے بجائے ان کی واپسی کو انسانی نقطہ نظر سے دیکھا جانا چاہئے۔

میر واعظ نے کہا کہ کشمیری پنڈت گزشتہ تین دہائیوں سے اپنے گھروں سے دور ہیںجسکا کشمیری مسلمانوں کو احساس ہے تاہم کشمیری پنڈتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ خودساختہ تنظیموں کے بہکاوے میں آئے بغیر یہاں کے اکثریتی طبقے پر بھروسہ کرکے اپنے گھروں کو لوٹ آئیں۔انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی، تہذیب و تمدن ، بھائی چارہ کی پوری دنیا میں مثالیں دی جاتی ہیں اور یہی فرقہ وارانہ ہم آہنگی جموںوکشمیر کی شناخت اور ہمارا امتیاز ہے۔

اس موقعہ پر پنڈت وفد نے میرواعظ کو بتایا کہ اُ ن کی گھر واپسی کا معاملہ دہلی اور سرینگر کے بیچ سیاست کی نذر ہوکر رہ گیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے لئے الگ کالونیوں کی تعمیر کا شوشہ کھڑا کرنے کے بجائے انہیں ماضی کی طرح مختلف اضلاع میں اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ مل جل کر رہنے کی سہولت فراہم کی جائے۔وفد نے میرواعظ کے خیالات اور تجاویز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی گھر واپسی کے حوالے سے ان کے نقطہ نظر کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ کشمیری پنڈت واپس وطن لوٹنے کے بعد اطمینان و سکون کے ساتھ اپنی زندگیاں بسر کرسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :