کرغزستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں آئندہ سال سے تیزی آنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے،کرغستان سفیر

بدھ 12 جون 2019 15:43

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) کرغزستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں آئندہ سال سے تیزی آنے کا امکان پیدا ہوگیاہے۔ یہ بات جامعہ پشاور کے ایریا سٹڈی سنٹر برائے وسطی ایشیا و روس و چین کے ایک روزہ دورہ پر آئے ہوئے کرغزستان کے سفیر ایریک بھیشم بیو نے کانفرنس روم میں اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر کرغیز سفیر ایریک بھیشم بیو نے کہا کہ سی پیک کے زریعے کاشغر کرغیزستان روڈ لنک کی آئندہ سال تک تعمیر سے پاکستان اورکرغزستان کے درمیان تجارت ثقافتی و تعلیمی روابط کو مستحکم کیا جاسکے گا جبکہ کرغیزستان براستہ تاجکستان پاکستان کو آئندہ سال سے بجلی کی ترسیل بھی شروع ہوجائے گی ۔

اس موقع پر کرغیز سفیر نے پاکستانی تاجر برادری اور وزارت تجارت پر زور دیا کہ وہ یورو ایشین یونین کی طرف سے کرغیزستان کو جی ایس پی پلس سہولت سے فائدہ اٹھا کر اپنی برآمدات کو فروغ دیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ براستہ ریل تجارتی سامان کو ماسکو اور یورپ پہنچانے کے لئے کرغیزستان کا انتخاب کریں کیونکہ سمندر کے مقابلے زمینی راستے سے سامان 4 ہفتے قبل یورپ اور روس کو پہنچایا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر انھوں نے پاکستانی ادوایات ساز کمپنیوں کو کرغیزستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی ۔اس سے قبل اپنے تعارفی خطاب میں ایریا سٹڈی سنٹرکے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد خان نے کہا کہ جامعہ پشاور کا ایریا سٹڈی سنٹر کرغیز یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت کے زریعے مسلسل تعلیمی و تحقیقی روابط کا خواہاںہے۔ تقریب سے وائس چانسلر جامعہ پشاور پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان نے کرغیزستان میں جامعہ پشاور کا سب کیمپس شروع کرنے پر دلچسپی کا اظہار بھی کیا جس میں فارمیسی ، بائیوٹیکنالوجی اور جیالوجی کے مضامین پڑھائیں جائیں گے ۔