شارجہ کے شاپنگ مال سے لیڈیز پرس چُرانے والی غیر مُلکی خاتون گرفتار

خاتون نے اپنا بیگ بچہ ٹرالی میں رکھا تھا جس کی مصروفیت کا فائدہ اُٹھا کر ملزمہ نے یہ واردات انجام دی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 جون 2019 15:42

شارجہ کے شاپنگ مال سے لیڈیز پرس چُرانے والی غیر مُلکی خاتون گرفتار
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،12جُون 2019ء) شارجہ پولیس نے ایک ایشیائی مُلک سے تعلق رکھنے والی خاتون کو شاپنگ مال سے لیڈیز پرس چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق چوری کیے گئے بیگ میں 30 ہزار درہم کی بھاری رقم موجود تھی۔ تفصیلات کے مطابق البحیرہ کارنیشے پولیس اسٹیشن کو ایک شکایت موصول ہوئی کہ ایک عرب خاتون کا ہینڈ بیگ چُرا لیا گیا ہے۔

پولیس نے شاپنگ مال میں موجود سیکیورٹی کیمروں کی فوٹیج چیک کی تو پتا چلا کہ ایک نامعلوم خاتون نے عرب خاتون کا بچہ ٹرالی میں رکھا بیگ اُس وقت اُٹھایا جب وہ پلے ایریا میں اپنے بچوں کو کھیل کُود میں مصروف دیکھ رہی تھی۔ چوری میں ملوث اس خاتون کی شناخت کرنے کے بعد اُسے گرفتار کر لیا گیا اور بیگ کو اس میں موجود رقم اور دیگر قیمتی اشیاءسمیت اصل مالکن کو لوٹا دیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں اکثر شاپنگ مالز میں بیگ چُرانے والے افراد ایسی خواتین کی تاک میں ہوتے ہیں جو اپنا بیگ شاپنگ ٹرالی یا بچہ ٹرالی میں رکھ کر خریداری میں یا بچوں کے ساتھ مصروف ہو جاتی ہیں۔ اگر خواتین اپنا بیگ پاس ہی رکھیں تو اس طرح کے بیگ چوری کے واقعات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ شاپنگ کرنے والی خواتین کو اپنا قیمتی سامان اور بیگ کبھی بھی ٹرالی میں نہیں رکھنا چاہیے۔ کیونکہ رش کے دوران ان کی چوری کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی طرح گاڑیوں کے اندر بھی ہینڈ بیگ چھوڑ کر جانا قطعاً محفوظ نہیں ہے۔