سمندری طوفان وایو کے کل بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا خطرہ،

تین لاکھ افرا کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری

بدھ 12 جون 2019 16:09

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) بھارتی ریاست گجرات میں سمندری طوفان وایو کے خطرے کے پیش نظر تین لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق چند روز قبل بحیرہ عرب کے شمالی حصے کے اوپر پیدا ہونے والے ہوا کے کم دبائو نے شدید سمندری طوفان کی شکل اختیار کرلی ہے جو اب ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھ سکتا ہے اور آج جمعرات کی صبح ان علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق سمندری طوفان وایو میں چلنے والی ہوائوں کی رفتار 170 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ چکی ہے جو آج صبح ساحلی علاقوں تک پہنچنے پر بڑھ کر 135 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے۔قدرتی آفات سے نمٹنے والے محکمہ کے ارکان گجرات کے ساحلی علاقوں میں تعینات کر دیئے گئے ہیں۔حکام نے وایو کے زیر اثر ساحلی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور طوفانی ہوائوں کی پیش گوئی کی ہے۔ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات جاری ہیں اور مقامی لوگوں کو ذرائع ابلاغ کے ذریعے صورتحال سے آگاہ رکھا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :