سینئر وکلاء کا صدر سپریم کورٹ بار کی احتجاج کی کال سے لاتعلقی کا اظہار

بدھ 12 جون 2019 16:31

سینئر وکلاء کا صدر سپریم کورٹ بار کی احتجاج کی کال سے لاتعلقی کا اظہار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینئر وکلاء نے صدر سپریم کورٹ بار کی جانب سے چودہ جون کو احتجاج کی کال سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔ سینئر وکلاء کا کہنا ہے کہ جج ہو یا جرنیل احتساب سب کا ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں بدھ کے روز سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینئر وکلاء نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ صدر سپریم کورٹ بار امان اللہ کنرانی کی احتجاج کی کال کو مسترد کرتے ہیں، سابق سیکرٹری سپریم کورٹ بار سید ذوالفقار بخاری نے کہا کہ اگر کسی جج پر کوئی الزام ہے تو وہ ان الزامات کا سامنا کرے، ججز وکلاء کے پیچھے اپنے آپ کو چھپانے سے گریز کریں۔

سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل رمضان چوہدری نے کہا کہ وکلاء کے ایک گروہ کی جانب سے جج بچاؤ تحریک کا کسی صورت حصہ نہیں بنیں گے، پاکستان کے وکلاء عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، چودہ تاریخ کو وکلاء احتجاج کے بجائے عدالتوں میں پیش ہوں گے۔پریس کانفرنس کے اختتام پر سینئر وکلاء نے چودہ تاریخ کو دی گئی احتجاج کی کال کے خلاف قرارداد بھی پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔