Live Updates

وفاقی حکومت نے موجودہ حالات میں ایک بہترین بجٹ پیش کیا ہے،وفاقی وزیر علی امین خان گنڈاپور

بدھ 12 جون 2019 16:31

وفاقی حکومت نے موجودہ حالات میں ایک بہترین بجٹ پیش کیا ہے،وفاقی وزیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے موجودہ حالات میں ایک بہترین بجٹ پیش کیا ہے جس میں پاکستان کے متوسط اور غریب طبقے پرانتہائی کم بوجھ ڈالا گیا ہے، پچھلی چند دہائیوں سے ملک جس راستے پر چل رہا تھا اُس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے ملک میں امیر افراد اور حکمران امیر سے امیر ہوتے گئے اور غریب طبقہ غربت اور مفلسی کی مزید گہرائیوں میں دھنستا چلا جا رہا تھا۔

بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے ملک پر ہزاروں ارب کا قرض چڑھا کر حقیقی معنوں میں ملک کی جڑیں کھوکھلی کیں اوردُشمن کے ناپاک ایجنڈے کو پروان چڑھایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک طرف ملک پر قرضوں کا پہاڑ چڑھایا گیا اور دوسری جانب منی لانڈرنگ جیسے گھنائونے جرم کے ذریعے یہ رقم بیرون ملک منتقل کرکے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اُن کی حکومت نے اندرون و بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنے کیلئے ایمنسٹی سکیم کی صورت میں ایک آخری موقع فراہم کیا ہے جس کے بعدچھپائے گئے غیر اعلانیہ اثاثہ جات کے حامل افراد کو کسی صورت میں رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے بالخصوص صاحب استطاعت اور امیر طبقے کو ترغیب دی کہ وہ ملک کی ترقی و سلامتی کی خاطر ٹیکس سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کو پوری ایمانداری سے پورا کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی ذات اور عہدے کی پرواہ کئے بغیر ملک کو درست سمت پر گامزن کرنے کیلئے انتہائی پرُعزم ہیں جس کیلئے وہ تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے پوری قوم عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وہ ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں جس سے پاک وطن کی سربلندی ہو اور پاکستان کی عزت و تکریم میں اضافہ ہو۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات