Live Updates

ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں کالج اساتذہ کے تبادلوں میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف

بدھ جون 16:38

ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں کالج اساتذہ کے تبادلوں میں بڑے پیمانے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں کالج اساتذہ کے تبادلوں میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ مخصوص مفادات کے تحت کئے جانیوالے ان غیر معمولی تبادلوں میں متعدد سرکاری کالجوں میں من پسند افراد کو تعینات کرنے کی راہ ہموار کی گئی، متعدد کیسز میں متعلقہ مضمون کی آسامی نہ ہونے کے باوجود کسی دوسرے مضمون کے لیکچرار یا پروفیسر کو تعینات کر دیا گیا، جس عرصے میں یہ خلاف ضابطہ تبادلوں کے نوٹیفیکیشن کئے گئے۔

علاوہ ازیں اپ گریڈنگ یا ڈائون گریڈنگ کے لئے محکمہ خزانہ کی ایڈوائس لازم ہوتی ہے جس پر عمل نہیں کیا گیا۔ حاصل دستاویزات کے مطابق 20 مئی 2019ء کے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حماد سرور نقوی کو گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ میں اسسٹنٹ پروفیسر سٹیٹسٹکس لگا دیا گیا جس کے لئے وہاں ایسوسی ایٹ پروفیسر آف سائیکالوجی کی سیٹ کو کنورٹ کرکے ڈائون گریڈ کیا گیا، اسی روز لیکچرار انگلش گورنمنٹ کالج ماڈل ٹائون لاہور شگفتہ جبیںکو اپواء کالج لاہور تبدیل کیاگیا اور اس مقصد کے لئے اپواء کالج میں ایسوسی ایٹ پروفیسر اسلامیات کی سیٹ کو کنورٹ اور ڈاؤن گریڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

22 مئی کو کئے گئے آرڈرز کے تحت تقرری کے منتظر پروفیسر آف ہسٹری گریڈ 20 ڈاکٹر اختر حسین کو اسلامیہ کالج سول لائنز تعینات کیا گیا جس کے لئے ایسوسی ایٹ پروفیسر گریڈ 19 کی سیٹ کو اپ گریڈ کیا گیا، اسی طرح اسسٹنٹ پروفیسر جغرافیہ محمد عمر کا جڑانوالہ سے قصور تبادلہ کیاگیا اور قصور کالج میں اس مقصد کے لئے ایسوسی ایٹ پروفیسر پولیٹیکل سائنس کی سیٹ کی ڈائون گریڈنگ اور کنورشن کی گئی۔

17 مئی کو2 نوٹیفکیشنز کئے گئے جن کے مطابق چونا منڈی کالج لاہور کی اسسٹنٹ پروفیسر فارسی نوشین کا چوہنگ کالج تبادلہ کیا گیا اور اس کی لئے سیٹ اور بجٹ بھی نوٹیفائی کرنا پڑا جبکہ داتا نگر کالج لاہور کی لیکچرار ہوم اکنامکس گریڈ 17 کی غلام عالیہ فاطمہ کو وحدت کالج لاہور میں ایسوسی ایٹ پروفیسر آف ہوم اکنامکس گریڈ 19 کی جگہ تعینات کر دیا گیا۔

30 اپریل 2019ء کو ضلع قصور سے انگلش کی لیکچرار گریڈ 17 ڈاکٹر صوبیہ مبارک کو ایسوسی ایٹ پروفیسر آف اردو گریڈ 19 پر کنورشن کرکے اسلامیہ کالج لاہور کینٹ تبادلہ کیا گیا۔ 13 مئی کو کوئین میری کالج لاہور کی اسسٹنٹ پروفیسر اردو رباب زہرا کو سیٹ اور بجٹ نہ ہونے کے باوجود چوہنگ کالج میں اسی پوزیشن پر تعینات کیا گیا۔ اس سے اگلے روز ایم اے او کالج کے لیکچرار سائیکالوجی عمران خلیل کو ایچ ای ڈی میں سیکشن آفیسر لگا دیا گیا۔

دستاویزات کے مطابق 25 مارچ 2019ء کے آرڈرز کے تحت اسسٹنٹ پروفیسر کمپیوٹر سائنس عبدالوہاب کو فیصل آباد سے سائنس کالج وحدت روڈ لاہور تبدیل کیا گیا اور اس کے لئے یہاں اسسٹنٹ پروفیسر کیمسٹری کی سیٹ کا سہارا لیا گیا۔ اسی کالج میں ایسوسی ایٹ پروفیسرریاضی گریڈ 19 کی سیٹ کو ڈائون گریڈ کیا گیا اور حافظ آباد سے لیکچرار ریاضی گریڈ 17 عبدالعزیز کو یہاں تعینات کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں 25 مارچ کو نوٹیفکیشن کے مطابق لیکچرار اردومحمد دین کو مصطفی آباد للیانی سے اسلامیہ کالج قصور تبادلہ کیا گیا اور اس مقصد کے لئے ایسوسی ایٹ پروفیسر گریڈ 19 کی سیٹ کو ڈائون گریڈ کیا گیا۔
بجٹ 20-2019ء سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :