ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن جولائی میں صوبے بھر میں سائنس سمرکیمپ کا آغاز کر رہی ہے،

ملکی تاریخ میں پہلی بار یہ اقدام حکومت خیبرپختونخوا نے شروع کیا ہے، مشیرتعلیم خیبرپختونخوا

بدھ 12 جون 2019 17:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) مشیرتعلیم خیبرپختونخوا ضیا اللہ خان بنگش نے کہا ہے کہ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن جولائی کے مہینے میں پورے صوبے بشمول نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سائنس سمرکیمپ کا آغاز کررہی ہے جوکہ ایک مہینے تک جاری رہے گا، ملکی تاریخ میںپہلی دفعہ یہ اقدام حکومت خیبرپختونخوا نے شروع کیا ہے جس کا بنیادی مقصد طلبا ء و طالبات کو تھیوری کے ساتھ ساتھ تجرباتی بنیادوں پر سائنس اور ریاضی پرعبور حاصل کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے صوبے کے سرکاری سکولوں میں سائنس سمرکیمپ شروع کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان اور پاک آلائنس ریاضی اور سائنس کی ٹیم بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

ضیا اللہ خان بنگش نے کہاکہ رواں سال شروع کردہ سائنس سمر کیمپ ہرسال منعقد کیاجائے گا، ہمارے طلبا ء میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، بہترین راہنمائی سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار لاکر ہم انہیں مفید اور کار آمد شہری بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔

ضیا اللہ بنگش نے کہاکہ سائنس سمر کیمپ کے انعقاد سے طلبا کو سائنس اور ریاضی پر مزید عبورحاصل ہوجائے گا جبکہ پرائمری لیول سے ہائرسیکنڈری لیول تک سرکاری سکولوں میں پڑھائے جانے والے سائنس اور ریاضی کے نصاب کو سمرکیمپ میں پریکٹیکل کے ذریعے پیش کیاجائے گا جس سے طلباء کو سائنس اور ریاضی کی متعلقہ بنیادی چیزوں کو سمجھنے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے طلباء، والدین اور اساتذہ سے پر زور مطالبہ کیاکہ وہ پورے صوبے میں شروع کردہ ان سمرکیمپس میں بھر پورحصہ لیں تاکہ حکومت کے معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کو کامیاب بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :