آصف علی زرداری نیب حراست میں ، پروڈکشن آرڈرز سے متعلق اسپیکر نے یقین دہانی کروا دی

اسپیکر قومی اسمبلی کی محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے سے معذرت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 12 جون 2019 18:18

آصف علی زرداری نیب حراست میں ، پروڈکشن آرڈرز سے متعلق اسپیکر نے یقین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جون 2019ء) : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سابق صدر آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈرز اگلے ہفتے جاری کرنے کی یقین دہانی کروا دی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا میرے بس میں نہیں ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر اگلے ہفتے جاری کر دئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر پیر کے روز ہونے والے اجلاس کے لیے جاری ہونے کا امکان ہے۔

قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے زیر صدارت پارٹی کا ایک مشاورتی اجلاس ہوا تھا جس میں پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کروانے اور بجٹ کے معاملے پر غور کیا گیا۔ پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا معاملہ اسپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ اُٹھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی کا اجلاس میں شرکت کرنا آئینی حق ہے۔ اسپیکر سے معاملہ اُٹھا کر رولز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی درخواست کی جائے۔ جس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی تھی ۔ خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اس وقت نیب کی حراست میں ہیں۔ گذشتہ روز نیب کورٹ کے جج محمد بشیر نے سابق صدر کو 21 جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا۔